خلیج اردو
اسلام آباد:190 ملین پاونڈ ریفرنس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے نیب ترامیم فیصلے کے تحت ریفرنس میں عدالت سے ریلیف مانگ لیا ۔ بریت کی درخواست بھی دائر کر دی۔ احتساب عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10ستمبر تک جواب مانگ لیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں 190ملین پاونڈ
ریفرنس کی سماعت کی ۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو عدالت کے
سامنے پیش کیا گیا۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے نیب ترامیم فیصلے کے بعد 190ملین پاونڈ ریفرنس میں رعایت مانگ لی ، بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے بریت کی درخواست دائرکرتے ہوئے موقف اپنایا کہ نیب ترامیم فیصلے کے بعد 190ملین پاونڈ کا کیس بنتا ہی نہیں،
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو کیس سے بری کیا جائے۔
نیب ترامیم کے تناظر میں کابینہ کے فیصلے کو تحفظ حاصل ہے ،میرٹ پر بانی پی ٹی آئی کو بری کیا جائے ، بشری بی بی کی بریت کی درخواست کو بھی اسی کے ساتھ سن لیا جائے۔
نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ اگرعدالت کا اس کیس میں دائرہ اختیارہے توپھربریت کی درخواست سنی جاسکتی ہے۔ عدالت اپنے دائر کار کا تعین کرکے ہی بریت کی درخواست سن سکتی ہے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی۔