پاکستانی خبریںعالمی خبریں

وزیر اعظم کی جانب سے کی گئی اپیل جو ایک مہم بنتی جارہی ہے : یہ ملازمین کیلئے امید کی ایک نئی لہر ثابت ہو سکتی ہے؟

خلیج اردو
اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان آج کل سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ایک مہم چلا رہے ہیں جس میں وہ مختلف بڑی کمپنیوں سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ میں سیرین ایئر کے مالک کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ کم تنخواہ والےملازمین کی اجرت میں 44% جبکہ دیگر کی تنخواہوں میں 15-25% اضافےکے اعلان پر میں سیرین ایئرکےایئر وائس مارشل(ر)صفدر کامشکورہوں۔

مسٹر خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس 950 ارب کامنافع کمانےوالی پاکستان کی بڑی 100 کارپوریشنز سےبھی میری التماس ہےکہ وہ بھی اپنے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں۔

اس سے قبل وزیر اعظم خان نے ایک ٹویٹ میں یہ بتایا تھا کہ میری استدعا پر عمل کرنے اور ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے پر میں اے آر وائے ڈیجیٹل کے سی ای او اور صدر سلمان اقبال کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کرونا وائرس کی وباء کے بعد اکثر اداروں نے ملازمین کو نوکریوں سے نکالا اور متعدد نے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کی جس کے بعد اب جہاں معیشت کو حکومت کے بقول سنبھالا مل رہا ہے ، تو وزیر اعظم نے کمپنیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے۔

اسی سلسلے میں گزشتہ روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ وہ میڈیا ہاؤسز میں جاکر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی اپیل کریں گے۔

وزیر اعظم کی یہ اپیل اب ایک مہم بنتی جارہی ہے اور اس حوالے سے نیٹزین اسے عمدہ اقدام قرار دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم کو جہاں اس اقدام پر سراہا جارہا ہے وہاں انہیں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button