پاکستانی خبریں

پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم شہباز شریف

خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا

 

وزیر اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس ۔شرکاء کو اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

 

اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز اور منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کے لیے قائم شدہ کے9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے،

 

وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل پرزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔

 

وزیراعظم نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں تمام سیکیورٹی منصوبوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button