
خلیج اردو
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا،بانی پی ٹی آئی کے نامزد کردہ چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور جنرل سیکرٹری کیلئے عمر ایوب سمیت 15 رکنی پینل نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے
پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات،امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ، امیدوار برائے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کی قیادت میں 15 رکنی پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع ہوگئے ہیں۔
سندھ سے اشرف قریشی، بلوچستان سے محمد اسلم اور خیبرپختونخوا سے نوید انجم نے چیئرمین کےعہدے کیلئے کاغذاتِ داخل کرائے،یاسمین راشد، محمد خان اور اسد حنیف نے صوبائی تنظیم کیلئے کاغذات جمع کرائے، سندھ کیلئے حلیم عادل شیخ اور خاوند بخش غلام کی قیادت میں دو پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی موصول ہوئے۔
بلوچستان سے ڈاکٹر منیر بلوچ اور پانچ دیگر افراد نے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے، خیبرپختونخوا سےعلی امین گنڈا پورکی قیادت میں کے پی تنظیم کیلئے پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی موصول ہوئے۔پی ٹی آئی کے فیڈرل الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات میں شرکت کے خواہاں امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کیلئے مرکز اور صوبوں میں الگ الگ ریٹرننگ افسران مقرر کئے گئے ہیں۔
جاری شیڈول کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27 فروری تک ہوں گے۔ پولنگ 3مارچ کو ہوگی، پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کے لیے پولنگ سینٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔