خلیج اردو: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈپٹی ڈی جی کے مطابق یوکے سی اے اے انٹرنیشنل کے تحت آج سے پائلٹس لائسنس امتحانات شروع ہوگئے ہیں۔
نادر شفیع ڈار نے بتایا کہ پاکستان نے پائلٹس لائسنس امتحانات کے لیے یوکے سی اے اے انٹرنیشنل سے تین سال کا معاہدہ کیا تھا، پہلے مرحلے میں آج کراچی میں 100 سے زائد امیدوار پائلٹس لائسنس امتحانات دیں گے۔
ڈپٹی ڈی جی کے مطابق کمرشل پائلٹس اور ائیر لائن پائلٹس کیٹیگری کے امتحانات کے لیے بڑی تعداد میں امیدوار رجسٹریشن کروا رہے ہیں، اگلے مرحلے میں اسلام آباد اور لاہور میں پائلٹس لائسنس امتحانات ہوں گے۔
یاد رہے کہ 2020 میں پی ٹی آئی حکومت کے وزیر ہوابازی کے جعلی پائلٹس لائسنس کے متنازع بیان پر بین الاقوامی ہوابازی کے اداروں نے پاکستان پر پائلٹ لائسنس امتحان لینے پر پابندی لگائی تھی۔۔