
خلیج اردو
پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو تیسرا ٹی20 میچ 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں شاندار کامیابی حاصل
کی۔ پاکستان نے 205 رنز کا ہدف صرف 16 اوورز میں ہی حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔
حسن نواز نے اپنی کیریئر کی پہلی سنچری بناتے ہوئے 44 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی اننگز 7 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے آئی۔ اس شاندار کارکردگی پر حسن نواز کو "پلیئر آف دی میچ” کا اعزاز ملا۔ سلمان آغا 51 رنز بنا کر حسن نواز کا ساتھ دیتے ہوئے ناقابل شکست رہے۔
محمد حارث نے بھی 20 گیندوں پر 41 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی، تاہم وہ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانی بیٹرز نے کیوی بالرز کی دھلائی کرتے ہوئے ان کا بھرکس نکال دیا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مکمل طور پر ناکام رہی اور آخری اوور میں 204 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ مارک چیپمین نے 44 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ مائیکل پریسویل نے 31، ڈیرل مچل نے 17، اور جیمز نیشم نے 3 رنز بنائے۔ باقی کھلاڑی کم اسکور پر آؤٹ ہو گئے، جس میں فن ایلن اور کائل جیمیسن شامل تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی باؤلرز نے کیوی بلے بازوں کو قابو کرنے میں کمال دکھایا۔ حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور عباس آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں ایک اور یادگار لمحہ اس وقت آیا جب حارث رؤف نے سپر مین اسٹائل میں ایک شاندار کیچ پکڑ کر سب کو حیران کن کر دیا۔ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیوی اوپنر نے جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، لیکن حارث رؤف نے غیر معمولی انداز میں وہ کیچ تھام لیا۔ کمنٹیٹرز بھی حارث کے اس کیچ کو دیکھ کر حیران رہ گئے، اور فن ایلن اس کیچ پر اپنے چہرے کی جانب ہی دیکھتے رہ گئے۔
اس میچ کے دوران پانچویں اوور کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے روزہ افطار کیا۔ اذان کے وقت امپائرز نے کچھ دیر کے لیے میچ روک دیا تاکہ کھلاڑی روزہ افطار کر سکیں، جسے فینز کی بھرپور پذیرائی ملی۔