پاکستانی خبریں

آپ کیا چاہتے ہیں کہ اب ڈپٹی کمشنر آپ کے جلسے کیلئے لوگوں کو گھر سے نکال کر لائے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کا وکیل پی ٹی آئی سے استفسار

خلیج اردو
اسلام آباد: تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی، پی ٹی آئی 6جولائی کو ترنول چوک پر جلسہ کرسکتی ہے، ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا۔

 

جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی۔ اسٹیٹ کونسل نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے تحریک انصاف کو جلسے کا این او سی جاری کرنے سے متعلق عدالت کو آگاہ کر دیا۔ اسٹیٹ کونسل نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسے کی اجازت دیدی ہے۔

 

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ 26 جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کرنے کا کہا۔26 جون سے کل تک ڈپٹی کمشنر سے 20 دفعہ رابطہ کیا۔ جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے۔ ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے۔

 

وکیل نے کہاکہ ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے۔ ہمیں جلسے کی تیاری کیلئے وقت ہی نہیں دیا گیا۔جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ چلیں آپ تو بڑی پارٹی ہیں۔ کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے۔آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے؟

 

عدالت نے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹا دی۔

 

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور محکمہ داخلہ پنجاب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button