خلیج اردو: پاس ورڈ کے بغیر مختلف سروسز میں سائن ان ہونا کسی حد تک ممکن ہے مگر اکثر ایسا بہت مشکل ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ 3 بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اس مشکل کو حل کرنے کے لیے متحد ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایپل، گوگل اور مائیکرو سافٹ فیڈو الائنس اور ورلڈ وائیڈ ویب کنسورشیم کو پاس ورڈ فری سائن ان کے لیے معاونت فراہم کرنے کے لیے متحد ہورہے ہیں۔
تینوں کمپنیوں کے تعاون سے فیڈو آتھنتیکیشن کو فون یا ٹیبلیٹ پر استعمال کرکے کسی ایپ یا ویب سائٹ پر سائن ان ہونے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
اس اتحاد کا مقصد ایپس اور ویب سائٹس میں ‘اینڈ ٹو اینڈ’ پاس ورڈ فری کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس کے لیے صارف کو سائن ان ہونے کے لیے بائیو میٹرک اسکین یا ایک پن ڈیوائس کی ضرورت ہوگی۔
کمپنیوں کو توقع ہے کہ اس طرح ہیکرز کے حملوں سے صارفین کو بچانے میں مدد مل سکے گی۔
ایپل، گوگل اور مائیکرو سافٹ کی جانب سے آنے والے برسوں میں اپنے پلیٹ فارمز میں پاس ورڈ فری فیچرز کو توسیع دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔