خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے جس میں متحدہ عرب امارات کے 51ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے خصوصی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے لیے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے بانی صدر، شیخ زید بن سلطان النہیان کے دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد رکھنے میں کردار پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کا باقاعدہ دورہ کرتے تھے اور پاکستان میں سماجی شعبے میں مختلف فلاحی منصوبوں کی مالی معاونت بھی کرتے تھے۔ شیخ زید ہسپتال پاکستان کے لیے ان کی خدمات کی بہترین مثال ہے۔ ان کا نام ان کے فلاحی کاموں کے لیے یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی حالیہ تباہی کے بعد پاکستان کی مالی اور امدادی اشیاء کی صورت میں امداد پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد نے وزیراعظم کی جانب سے مبارکباد کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے سے قبول کر لیا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں پانچ دہائیوں سے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے، مشترکہ اقدار اور ثقافت سے مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔