خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اگلے مہینے امریکہ کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب سمیت اہم ملاقاتیں کریں گے اور تقریبات میں شرکت کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ماہ 20 سے 23 ستمبر تک امریکہ کا دورہ کریں گے جہاں وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت اور اجلاس سے خطاب کریں گے
وزیر اعظم شہباز شریف پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات سمیت جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ امریکی میڈیا کو انٹرویوز اور اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیو یارک میں پریس کانفرنس ان کے دورے کے شیڈول میں شامل ہیں۔
ایک دوسری میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا آئندہ ہفتے وفد کے ہمراہ دورہ قطر کا متوقع ہے جہاں وزیراعظم دورے میں قطری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا حوالہ دے کر جیو نیوز نے خبر دی ہے کہ دورہ قطر کے دوران وزیراعظم ایل این جی کے نئے معاہدے کو حتمی شکل دینے، سخت شرائط نرم کرنے پر گفتگو ہو گی۔
وزیر اعظم کے دورے میں قطر کے ساتھ پاکستان میں نئے توانائی ٹرمینلز کی تعمیر، موخر ادائیگیوں پر سہولیات اور قطر میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت ،پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری، زراعت، غذائی سلامتی، ٹیکنالوجی کے مشترکہ منصوبوں پر بھی غور ہو گا۔
پاکستان اور قطر کے مابین تجارت میں وسعت، اعلی سطح وفود کے تبادلے، ویزا امور آسان بنانے پر بات سمیت قطر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی امور زیر بحث آئیں گے۔
سوشل میڈیا پر وزیر اعظم کے دورہ قطر کو لے کر بحث جاری ہے، سنیئر صحافی نسیم صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم اپنے دورے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو قطر ایئرویز کے زیرنگرانی دینے سے متعلق امور طے کریں گے۔
مسٹر صدیقی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ وزیراعظم اور رفقاء اگلے ہفتے قطر جا رہے ہیں اور وہاں پر سیف الرحمان کے توسط سے پی آئ اے کو قطر ایئر ویز کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔ اس بات پر مفتاح اسماعیل اور سعد رفیق کے درمیان اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔
شنید ہے کہ وزیراعظم اور رفقاء اگلے ہفتے قطر جا رہے ہیں اور وہاں پر سیف الرحمان کے توسط سے پی آئ اے کو قطر ایئر ویز کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔ اس بات پر مفتاح اسماعیل اور سعد رفیق کے درمیان اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔
— Nasim Siddiqui (@iNasimSiddiqui) August 16, 2022