
خلیج اردو
دبئی — دبئی میونسپلٹی نے ایک نئی کمیونٹی مہم ’’فیوچر سگنلز پروگرام‘‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت دبئی کے شہری اب شہر کے مستقبل کی منصوبہ بندی میں براہِ راست حصہ لے سکیں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے شہری اپنے تبصرے، تجاویز اور نئے سہولتی منصوبوں سے متعلق آراء میونسپلٹی کے واٹس ایپ چینل پر بھیج سکتے ہیں۔
دبئی میونسپلٹی کی فیوچر فoresight ماہر خلود مصطفوی کے مطابق، ’’یہ ایک ایسا موقع ہے جس کے ذریعے ہم کمیونٹی سے رابطہ کر کے شہر کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ شہری اپنی تجاویز کے ساتھ تصاویر بھی ارسال کر سکتے ہیں تاکہ منصوبہ بندی میں عملی ضرورتوں کو مدنظر رکھا جا سکے۔
یہ پروگرام ’’اربن فیوچر ویک‘‘ کے دوران متعارف کرایا گیا جو دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر میں منعقد ہوا، جہاں عالمی ماہرین، سرکاری نمائندوں اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔
دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل مروان احمد بن غلیطہ نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ’’مستقبل کی تشکیل ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک سماجی مانیٹرنگ پروگرام ہے جس کے تحت عوام اپنے اردگرد کے ماحول سے متعلق مشاہدات میونسپلٹی کو فراہم کر سکیں گے۔
خلود مصطفوی نے بتایا کہ پروگرام میں مصنوعی ذہانت (AI) بھی شامل کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر اگر کسی علاقے میں لوگ غیر رسمی طور پر جمع ہوتے نظر آئیں تو سسٹم خود بتائے گا کہ وہاں عوامی پارک یا کھیل کے میدان کی ضرورت ہے۔
تقریب میں ’’سرکل دبئی‘‘ کے نام سے ایک نئی مہم بھی متعارف کرائی گئی جس کا مقصد امارت میں پیدا ہونے والے فضلے میں کمی لانا ہے۔
سینئر ویسٹ مینجمنٹ انجینئر محمد النعیمی کے مطابق سب سے بڑا چیلنج عوام میں کچرے کی علیحدگی کے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھروں، اسکولوں اور تفریحی مقامات پر علیحدہ ڈبے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگ ری سائیکلنگ کے تصور کو عملی طور پر اپنائیں۔







