
خلیج اردو
ایلون مسک کی دی بورنگ کمپنی یو اے ای بھر میں 150 کلومیٹر سے زائد سرنگیں تعمیر کرے گی، جس کے لیے کمپنی نے 3 ارب ڈالر یعنی تقریباً 11 ارب درہم کی سیریز ڈی فنڈنگ حاصل کرلی ہے۔ سرمایہ کاری کی قیادت یو اے ای اور اس سے منسلک سرمایہ کاری اداروں نے کی۔ نئی فنڈنگ کے بعد دی بورنگ کمپنی کی مالیت 23 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔
یہ معاہدہ دبئی لوپ منصوبے کے تحت یو اے ای کے ساتھ کمپنی کے پہلے سے جاری تعاون کے علاوہ ہے۔ دبئی لوپ کے پہلے مرحلے میں 6.4 کلومیٹر طویل پائلٹ روٹ تعمیر کیا جائے گا، جس میں چار اسٹیشنز شامل ہوں گے اور یہ دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر اور دبئی مال کو آپس میں منسلک کرے گا۔ منصوبے کے اسٹیشنز میں برج خلیفہ، ڈی آئی ایف سی 2، زعبیل دبئی مال پارکنگ اور آئی سی ڈی بروک فیلڈ پلیس شامل ہیں۔
دی بورنگ کمپنی کے مطابق دبئی لوپ کے پہلے مرحلے کے لیے پری کاسٹ کنکریٹ کی تیاری کا کام جولائی میں شروع کردیا گیا تھا۔ اس مرحلے میں 25 ہزار کنکریٹ سیگمنٹس استعمال ہوں گے، جن میں سے ہر ایک کا وزن تقریباً 4 ہزار پاؤنڈ ہوگا۔
فنڈنگ راؤنڈ میں شمل ہولڈنگ، ہیومن کیپیٹل، وائ کیپیٹل، ویلار ایکویٹی پارٹنرز، سیکوئیا کیپیٹل، اے 16 زیڈ، ٹیمسیک اور بارن کیپیٹل سمیت دیگر سرمایہ کاروں نے حصہ لیا۔ شمل ہولڈنگ نے واضح کیا کہ دی بورنگ کمپنی میں اس کی سرمایہ کاری ایک نجی اور تجارتی سرمایہ کاری ہے، جو دبئی لوپ منصوبے سے الگ ہے۔
دی بورنگ کمپنی کے مطابق اس کا لوپ سسٹم 2021 سے لاس ویگاس میں 11 اسٹیشنز کے ذریعے 40 لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرچکا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو برس میں اس نے ایک لوپ سسٹم سے ترقی کرتے ہوئے متعدد شہروں میں سرنگوں کے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے۔







