خلیج اردو
اردن :اردن ایئرفورس کی لیفٹیننٹ صبا الذنیبات ایف 16 لڑاکا طیارہ اڑانے والی پہلی خاتون افسر بن گئیں۔
سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق انہوں نے عمان کی موفق السلطی ایئر بیس سے اڑان بھری۔
یہ کسی بھی خاتون ایئرفورس افسر کی طرف سے لڑاکا طیارے کی پہلی پرواز تھی۔
اردن کی فضائیہ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل محمد حیاست نے کہا کہ یہ کامیابی شاہ عبداللّٰہ کی طرف سے خواتین کے کردار بالخصوص فوجی خواتین افسران کے کردار کی حمایت کا مظہر ہے۔
اردن کی فضائیہ میں 10 ہزار اہلکار اور افسران ہیں جن میں خواتین کی تعداد 17 فیصد ہیں۔
شاہ عبداللّٰہ کی ایک صاحبزادی شہزادی سلمیٰ فوجی پائلٹ ہیں، شاہ کی ہمشیرہ شہزادی عائشہ بھی فوج میں تھیں، جنہوں نے 1995 میں خواتین فوجی افسران کے اُمور کیلئے ایک ڈائریکٹوریٹ تشکیل دیا تھا۔
اردن کی مسلح افواج کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار ہے جس میں 17 فیصد خواتین ہیں لیکن زیادہ تر خواتین فوجی اسپتالوں میں میڈیکل اسٹاف کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
فضائیہ کے پاس 44 ایف 16 طیارے ہیں، حال ہی میں اردن کا امریکا سے 16 نئے اور جدید ایف 16 طیارے خریدنے کا معاہدہ ہوا ہے۔