عالمی خبریں

اسرائیلی فورسز کی جنین میں فائرنگ ،3 افراد جاں بحق

خلیج اردو
یروشلم :اسرائیلی فورسز نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے جنین میں 48 گھنٹے سے بھی کم وقت کےبعد ایک اور چھاپےکے دوران تین فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جمعرات کی صبح گولی مار کر ہلاک ہونے والے تین افراد کی شناخت 22 سالہ احمد فشفشہ، 26 سالہ سفیان فخوری اور 25 سالہ نایف ملیشیح کے نام سے ہوئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق چوتھا 14 سالہ ولید نصر بھی جمعرات کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ وہ منگل کو اسرائیلی فوج کی گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا۔

فشفشہ، فخوری اور ملیشیہ کو جنین کے جنوب میں جابہ گاؤں میں ایک کار کے اندر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

میڈیا کے مطابق اسرائیلی اسپیشل فورسز بشمول سویلین لباس میں خفیہ یونٹوں نے صبح 6 بجے جابہ پر چھاپہ مارا۔

مقامی میڈیا کے مطابق فلسطینی جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اسرائیلی حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آپریشن میں سرحدی پولیس، فوج اور انٹیلی جنس شامل تھے،آپریشن کا مقصد اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے والے "متعدد شوٹنگ آپریشنز کی بنیاد پر مطلوب افراد کو گرفتار کرنا” تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران مطلوب افراد کی گاڑی سےفورسز پر گولیاں چلائی گئیں، جس کے بعد ہم نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کار میں سوار تین مسلح افراد کو ہلاک کر دیا انہوں نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ گاڑی سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق چھاپے میں مارے جانے والے تین فلسطینی جبہ بریگیڈ کے جنگجو تھے، جو فلسطینی اسلامی جہاد سے وابستہ تھے۔

2023 کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں 78 فلسطینیوں کو قتل کیا گیا ہے جن میں 14 بچے اور ایک خاتون شامل ہیںجبکہ فلسطینیوں کے حملوں میں تیرہ اسرائیلی اور ایک یوکرائنی بھی مارا گیا ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button