عالمی خبریں

اگر سیاست میں دلچسپی ہے تو وردی اتارکر میدان میں آئیں، برازیلی صدر کا فوج کو پیغام

خلیج اردو

برازیل :برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجھے نہ فوج سے نہ فوج کو مجھ سے مسئلہ ہے لیکن جنہیں سیاست میں ملوث ہونے میں دلچسپی ہے وہ وردی اتاریں، مستعفی ہوں اور پھر سیاست میں آئیں۔

برازیلی صدر نے 8 جنوری کو دارالحکومت میں ہونے والے فسادات کو انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ناکامی قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر نے کہا کہ برازیلیا کی عمارتوں پر سابق صدر بولسونارو کے حامیوں نے حملہ کیااور عمارتوں کو پروٹیکٹ کرنا انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ناکامی تھی۔

برازیلی صدر ڈی سلواگزشتہ ہفتے اہم عمارتوں پر بولسونارو کے حامیوں کی طرف سے حملے اور فسادات کو نہ روکنے پر فوج پر تنقید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بنیادی غلطی کی، اُس دن میری کوئی انٹیلی جنس معلومات نہیں تھیں۔

صدر نے کہا کہ ہمارے پاس آرمی انٹیلی جنس، ایئرفورس انٹیلی جنس، اے بی آئی این (خفیہ انٹیلیجنس ایجنسی) موجود ہے لیکن ان میں سے کسی نے مجھے اطلاع نہیں دی۔

دریں اثناءصدر کے مطابق انہیں شبہ ہے کہ مسلح افواج میں شامل افراد بھی اس بدنظمی اور تنازع کا حصہ ہیں جس میں بولسونارو کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت، صدارتی محل اور سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔

صدر نے زور دیا کہ وہ مسلح افواج کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن انہیں سیاست زدہ نہیں ہونا چاہیے۔

رواں ہفتے وہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں برازیلی صدر نے صدارتی محل اور مشیر قومی سلامتی کے دفتر کی حفاظت پر مامور 50 سے زائد فوجی افسران کو برطرف کر دیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button