خلیج ار دو
برطانیہ :برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے ٹیکس فراڈ میں ملوث پائے جانے پر کنزرویٹیو پارٹی کے چیئرمین ندیم زہاوی کو عہدے سے برطرف کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ندیم زہاوی کو ان کے ٹیکس کے معاملے میں ایک آزادانہ تحقیقات میں سامنے آنے والی سنگین خلاف ورزی پر برطرف کیا گیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے اس سلسلے میں ندیم زہاوی کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ ایک آزادانہ تحقیقات کے نتائج ہمارے سامنے رکھے گئے جس میں یہ بات واضح ہے کہ ٹیکس معاملات میں منسٹیریل کوڈ کی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں، میں آپ کو یہ اطلاع دیتا ہوں کہ آپ حکومت کی طرف سے پارٹی پوزیشن سے برطرف ہیں۔
کنزرویٹیو پارٹی کے ٹیکس معاملے کی تحقیقات کرنے والے ایڈوائزرکا کہنا ہےکہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ندیم زہاوی چیزوں کو غلط انداز میں پیش کرتے رہے۔
اپوزیشن لیبر پارٹی نے کہا کہ جب رواں ماہ اخبار کی رپورٹ میں ندیم زہاوی پر لگے الزامات سامنے آئے تو رشی سوناک کو لاؤری مگنوزسے تحقیقات کا حکم دینے کے بجائے انہیں فوراً برطرف کردینا چاہیے تھا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رشی سوناک کی اہلیہ اکشتا مورتی پر غیر ملکی شہری ہونے کی حیثیت سے غیر ملکی آمدنی پر برطانوی ٹیکس ادا نہ کرنے کا الزام تھا جس پر رشی سوناک کو اس متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
گزشتہ ہفتے گاڑی کی سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پربرطانوی وزیراعظم کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے پولیس نے جرمانہ بھی عائد کیا تھا تاہم رشی سوناک نے معافی بھی مانگی تھی۔