خلیج اردو
نئی دلی: ہندوستان کے ریاست مدھیہ پردیش میں فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں طیاروں نے ریاست مدھیہ پردیش کی گوالیار بیس سے اڑان بھری تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے میراج طیارے میں ایک جبکہ سکوئی طیارے میں 2 پائلٹ موجود تھے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 2 پائلٹس واقعے میں محفوظ رہے جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں طیاروں کے فضا میں تصادم کی تصدیق کے لیے انکوائری شروع کر دی گئی ہے جبکہ بچ جانے والے دونوں پائلٹس کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) آدرش کٹیار نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی وجہ ابھی واضح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ طیارے ایک دوسرے سے ٹکرا گئے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں دو پائلٹ بحفاظت باہر نکل گئے، لیکن تیسرا لاپتہ ہےجس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔
وزیر دفاع نے میڈیا کو بتایا کہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔
دفاعی وزیر راج ناتھ سنگھ کو فضائیہ کے سربراہ نے دو طیاروں کے گرنے کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر دفاع نے بچ جانے والے آئی اے ایف کے پائلٹوں کی خیریت دریافت کی ۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مورینہ میں کولاراس کے قریب فضائیہ کے سکھوئی-30 اور میراج-2000 طیاروں کے گرنے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ میں نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری بچاؤ اور امدادی کاموں میں فضائیہ کے ساتھ تعاون کریں،
مورینا کے ڈی سی انکت استھانہ نے کہا کہ پائلٹوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے، پولیس اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں کے لیے موقع پر موجود ہیں، پائلٹس کو چوٹیں آئی ہیں اور وہ محفوظ ہیں۔
گذشتہ کچھ عرصے میں انڈین ائیر فورس کے دیگر لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی گر کر تباہ ہوئے ہیں ۔۔