خلیج اردو: افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کے ہاں بیک وقت پیدا ہونے والے 9 بچوں نے پہلی سالگرہ منالی ہے۔
حلیمہ سیسی اور عبدالقادر عربی کے ہاں 4 مئی 2021 کو 5 لڑکیوں اور 4 لڑکوں کی پیدائش ہوئی تھی جن کا وزن 1.1 سے 2.4 پونڈ تھا۔
ایسا دنیا میں پہلی بار ہوا تھا جب کسی جوڑے کے ہاں بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش ہوئی اور وہ سب زندہ بچ گئے۔
ان بچوں کی پیدائش قبل از وقت آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی۔
اس سے قبل بیک وقت سب سے زیادہ زندہ بچ جانے والے بچوں کا عالمی ریکارڈ امریکا کی نادیہ سلیمان کے پاس تھا جن کے ہاں 2009 میں 8 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔
حلیمہ اور ان کے شوہر بچوں کی پیدائش سے قبل مالی حکومت کی معاونت سے مراکش گئے تھے تاکہ ماں کو خصوصی طبی نگہداشت فراہم کی جاسکے۔
بچوں کی پیدائش کے لیے 30 ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی ٹیم نے کام کیا تھا۔
اب 12 ماہ بعد یہ 9 بچے پہلے سے زیادہ صحت مند ہیں۔
ان کے والد عبدالقادر نے بتایا کہ اب ان میں سے کچھ بیٹھ جاتے ہیں بلکہ اگر کوئی پکڑ لے تو چلتے بھی ہیں۔
3 سالہ بیٹی کے ساتھ مزید 9 بچوں کی پرورش کے تجربے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ آسان نہیں تھا مگر یہ دیکھنا اچھا لگتا ہے کہ تمام بچوں کی صحت مثالی ہے جس کو دیکھ کر ہم سب کچھ بھول جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بچے اب بھی اسی کلینک میں ہے جہاں ان کی پیدائش ہوئی اور ایک خصوصی میڈیکل فلیٹ میں مقیم ہیں۔