خلیج اردو: سری لنکن صدر گوتابایا راجا پاکسا نے ملک میں ایک بار پھر ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق سری لنکا میں صدرکےاستعفے کے لیے احتجاج زور پکڑنے لگا، احتجاج کنٹرول کرنےکےلیے گوتابایا راجا پاکسا نےملک میں ایمرجنسی نافذکردی۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ایمرجنسی کےتحت سکیورٹی فورسز کو غیرمعمولی اختیارات حاصل ہوگئے۔
اس کے علاوہ تازہ ترین ایمرجنسی نافز کرنے کی مزید تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں لائی گئیں،لیکن پچھلی ایمرجمنسی نے صدر کو فوج کی تعیناتی، شہریوں کو بغیر کسی الزام کے حراست میں لینے اور احتجاج کو ختم کرنے کے اختیارات دیے تھے۔
اس سے قبل جمعے کے روز صدر مخالف احتجاج کے دوران طالب علموں نے پارلیمنٹ میں گھسنےکی کوشش کی تاہم مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اورپانی کی توپ کا استعمال کیا۔
رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں 5 ہفتوں کےدوران دوسری بار ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے۔
سری لنکن صدر نے یکم اپریل کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تھی لیکن پانچ دن بعد اس فیصلے کو واپس لے لیا تھا۔
واضح رہے کہ سری لنکا اس وقت شدید معاشی بحران سے دوچار ہے جہاں حکومت کے پاس تیل کی درآمد کے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران ہے جب کہ تیل کے بحران کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔