خلیج اردو
اسلام آباد: امریکا، برطانیہ، چین، یورپی یونین اور دولت مشترکہ نے پاکستان میں انتخابات کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیاہے،،، کہا مشکلات کے باوجود عوام کی بڑی تعداد کا انتخابی عمل میں حصہ لینا لائق تحسین ہے۔
عام انتخابات کے انعقاد پر دنیا بھر سے پاکستان کی ستائش کی جارہی ہے،،، امریکا، برطانیہ، چین، یورپی یونین اور دولت مشترکہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام نے مشکلات کے باوجود اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،،، انہوں نے خواتین ووٹروں کی تعداد میں اضافے کو جہاں خوش آئند قرار دیا،،، وہیں نتائج میں تاخیر پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور ملک میں اہم اصلاحات کیلئے بااختیار سویلین حکومت کا انتخاب ضروری ہے۔امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی اور دخل اندازی کے الزامات کی مکمل تحقیقات ہونا چاہئیں۔یورپی یونین نے یورپی مبصرین کی مجوزہ انتخابی سفارشات پر عملدرآمد پر زور دیا۔
دولت مشترکہ آبزرور گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر جوناتھن گڈلک نے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے انعقاد میں پیچیدگیوں اور مشکلات کا اعتراف کرتے ہیں، پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش قابل تشویش ہے۔
چین نے انتخابات کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین دہشت گردی کے خاتمے، معاشرے کے تحفظ اور سلامتی کے بچاؤ کیلئے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی انتھک کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔