خلیج اردو
امریکہ :چاند پر اترنے والے دوسرے انسان ایڈون "بز” ایلڈرین نے اپنی 93 ویں سالگرہ پر چوتھی شادی کر لی ہے۔
جمعہ کو خلانورد نے لاس اینجلس میں اپنی دیرینہ دوست ڈاکٹر اینکا فاؤر کے ساتھ ایک نجی تقریب میں شادی کی۔
"آج میری 93 ویں سالگرہ ہے اور آج کے روز مجھے لیونگ لیجنڈز آف ایوی ایشن کی طرف سے اعزاز بھی دیا جائے گا، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بخوشی ہو رہی ہے کہ میری دیرینہ محبت ڈاکٹر اینکا فاؤر اور میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں،” ایلڈرین نے ایک ٹویٹر پوسٹ میں کہا۔
"ہم لاس اینجلس میں ایک چھوٹی سی نجی تقریب میں شادی کے مقدس بندھن میں بندھے اور ہم ایسے پرجوش ہیں جیسے گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والا نوجوان جوڑا ہوتا ہے۔”
بز ایلڈرین کی پہلی شادی 1954 میں جان آرچر سے ہوئی جو 1974 میں ختم ہوگئی۔ ان کے تین بچے جیمز، جینس اور اینڈریو ہیں۔ اس کے بعد، بز نے 1975 میں بیورلی وان زیل سے شادی کی جو تین سال بعد 1978 میں طلاق پر منتج ہوئی۔
ان کی تیسری شادی 1988 میں لوئس ڈریگس کینن سے ہوئی تھی۔ طلاق 2012 میں طے پائی۔
ایلڈرین کمانڈر چاند پر پہلے شخص نیل آرمسٹرانگ کے ساتھ 1969 کے اپولو 11 چاند مشن کا حصہ تھے، وہ مشن کا آخری زندہ رہ جانے والا فرد ہے۔
اس مشن میں چاند پر، آرمسٹرانگ نے بز ایلڈرن کی تصویر کھینچی تھی جس میں وہ چاند کی سطح پر کھڑے امریکی جھنڈے کو سلامی دیتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں – یہ ایک ایسی تصویر تھی جس نے اس مشن کے بارے میں کئی شکوک وشبہات پیدا کردیے۔
اس مشہور خلائی مشن کا حصہ بننے سے پہلے، بز ایلڈرن نے کورین جنگ میں امریکی فضائیہ کے ساتھ فائٹر پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس سے پہلے انٹرنیٹ پر ان کا چرچا ایک خلاباز کے طور پر سامنے آیا جب 2002 میں چاند مشن کی حقیقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اس مشن کو چھٹلانے والے سازشی تھیورسٹ بارٹ سبریل کو گھونسا مارا۔ تاہم ایلڈرین کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہ کیا گیا۔