
خلیج اردو
دبئی: عالمی سطح پر بڑھتی طلب کے باعث دبئی میں سونے کی قیمتوں نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ منگل کے روز 24 قیراط سونا فی گرام 525.25 درہم اور 22 قیراط سونا 486 درہم تک جا پہنچا، جسے مارکیٹ کے ماہرین نے گزشتہ ہفتے کی اُتار چڑھاؤ کے بعد "نیا ریکارڈ” قرار دیا۔
عالمی سطح پر رواں ہفتے کے آغاز میں سونے میں ہونے والی فروخت نے عارضی طور پر اضافے کی رفتار کو سست کیا تھا، تاہم اب دوبارہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھنے سے قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ بھارت میں بھی 24 قیراط سونا 13,069 روپے فی گرام جبکہ 22 قیراط 11,980 روپے فی گرام تک پہنچ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں امریکہ میں شرح سود میں کمی کی توقعات، مرکزی بینکوں اور ای ٹی ایف فنڈز کی جانب سے بڑھتی خریداری، اور تجارتی کشیدگی میں نرمی کے آثار شامل ہیں۔ حال ہی میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 4,200 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئی، جبکہ ایچ ایس بی سی جیسے بڑے بینکوں نے پیش گوئی کی ہے کہ 2026 تک یہ 5,000 ڈالر فی اونس تک پہنچ سکتا ہے۔
علاقائی طور پر اس تیزی کے اثرات واضح ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں بڑھتی قیمتوں کے باعث صارفین اب بھاری زیورات کے بجائے ہلکے وزن کے ڈیزائن یا متبادل سرمایہ کاری کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔







