
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خزانہ نے "ریٹیل سکوک” کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کر دیا ہے جس کے تحت شہری اور رہائشی اب حکومتی ضمانت والے ٹریژری سکوک (T-Sukuk) میں براہِ راست سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
یہ اقدام انفرادی سرمایہ کاروں کو حکومتی مالیاتی آلات تک رسائی فراہم کرتا ہے، جس سے عام افراد بھی قومی معیشت کے استحکام میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ منصوبہ ملکی بینکوں کے تعاون سے فعال کیا جائے گا، اور ریٹیل سکوک میں سرمایہ کاری شریک بینکوں کے ذریعے ممکن ہوگی۔ پہلا بینک جو اس پروگرام کا حصہ ہوگا، اس کا اعلان 3 نومبر 2025 کو کیا جائے گا۔
وزارت نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد عوام میں بچت کے رجحان کو فروغ دینا، انفرادی سطح پر اقتصادی شمولیت بڑھانا اور یو اے ای کے ترقیاتی سفر میں براہِ راست شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔







