
خلیج اردو
دبئی، 25 اکتوبر 2025
دبئی کے ایک اور شاہکار منصوبے ’’دبئی میوزیم آف آرٹ‘‘ (DUMA) نے دنیا بھر میں دلچسپی پیدا کر دی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی کریک کے قلب میں واقع جزیرے پر تعمیر ہونے والے اس میوزیم کا اعلان کیا ہے، جو پانی پر تیرتا ہوا دنیا کا منفرد آرٹ میوزیم ہوگا۔
یہ میوزیم دبئی کے ثقافتی وژن کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جسے معروف جاپانی آرکیٹیکٹ تاداؤ آندو نے ڈیزائن کیا ہے، جبکہ منصوبہ الفطیم گروپ کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
میوزیم کا ڈیزائن دبئی کی سمندری اور موتی سے جڑی روایات سے متاثر ہے۔ گنبد نما ڈھانچے کے وسط میں ایک دائرہ نما ہال بنایا گیا ہے جو اتحاد، جستجو اور تسلسل کی علامت ہے۔ مرکزی حصہ ایک کھلے سلنڈر کی صورت میں ہے، جس سے قدرتی روشنی عمارت میں داخل ہو کر موتی کی چمک کا احساس پیدا کرتی ہے۔ پانچ منزلہ یہ عمارت پانی کی سطح سے بلند ہوگی اور جدید و روایتی فنِ تعمیر کا حسین امتزاج پیش کرے گی۔
دوما میوزیم میں پہلے دو فلور پر آرٹ گیلریز قائم کی جائیں گی، تیسری منزل پر ایک ریستوران اور وی آئی پی لاؤنج بنایا جائے گا، جبکہ گراؤنڈ اور بیسمنٹ فلورز پر انتظامی و معاون سہولیات رکھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ یہاں آرٹسٹ ٹاکس، پینل مباحثے، تعلیمی پروگرامز اور آرٹ فیسٹیولز منعقد کیے جائیں گے تاکہ دبئی سال بھر ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بن سکے۔
دوما جدید اور معاصر فنونِ لطیفہ کی نمائش کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہوگا، جہاں مقامی و بین الاقوامی فنکار اپنی تخلیقات پیش کریں گے۔ مقصد یہ ہے کہ فن کو مکالمے، تجسس اور سماجی ہم آہنگی کا ذریعہ بنایا جائے۔
دوما کے ڈیزائنر تاداؤ آندو 1995 کے پریٹزکر انعام یافتہ جاپانی آرکیٹیکٹ ہیں، جو اپنے کم سے کم مگر پُراثر ڈیزائنز کے لیے مشہور ہیں۔ ان کے مشہور منصوبوں میں جاپان کا چچو آرٹ میوزیم، پیرس کا بورس ڈی کامرس، اور امریکہ کا ماڈرن آرٹ میوزیم آف فورٹ ورتھ شامل ہیں۔
یہ میوزیم دبئی کے عالمی ثقافتی نقشے پر ایک نئی شناخت قائم کرے گا۔ یہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس وژن کا مظہر ہے جس کے تحت دبئی کو تخلیقی معیشت اور جدید فنون کا عالمی دارالحکومت بنایا جا رہا ہے۔ دوما نہ صرف دبئی کی ثقافتی تنوع کو بڑھائے گا بلکہ شہر کی جمالیاتی کشش میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔







