متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں وی پی این کے استعمال میں عالمی سطح پر اضافہ، غلط استعمال پر 20 لاکھ درہم جرمانہ مقرر

خلیج اردو
دبئی، 25 اکتوبر 2025
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ساڑھے پانچ سال کے دوران ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) ایپس کے استعمال میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2025 کی پہلی ششماہی تک یو اے ای میں وی پی این اپنانے کی شرح 65.78 فیصد رہی، جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ ہے۔

سائبر نیوز کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے بعد قطر 55.43 فیصد کے ساتھ دوسرے، سنگاپور 38.23 فیصد، نارو 35.49 فیصد، عمان 31 فیصد اور سعودی عرب 28.93 فیصد کے ساتھ نمایاں ممالک میں شامل ہیں۔

صرف 2025 کے پہلے چھ ماہ میں ہی یو اے ای کے رہائشیوں نے 61 لاکھ سے زائد وی پی این ایپس ڈاؤن لوڈ کیں، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 92 لاکھ، 2023 میں 78 لاکھ اور 2022 میں 65 لاکھ تھی۔ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو رواں سال وی پی این ڈاؤن لوڈز گزشتہ سال سے تجاوز کر جائیں گی۔

یہ اضافہ یو اے ای کی بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ منسلک ہے، جو حالیہ اعدادوشمار کے مطابق 1 کروڑ 14 لاکھ 40 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

یو اے ای میں وی پی این کا استعمال قانونی ہے، تاہم اس کا غلط استعمال سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔ وفاقی قانون نمبر (34) برائے 2021 کے تحت اگر کوئی شخص وی پی این کو غیر قانونی سرگرمیوں یا ممنوعہ ویب سائٹس، کالنگ ایپس یا گیمنگ پلیٹ فارمز تک رسائی کے لیے استعمال کرتا ہے تو اسے قید اور 5 لاکھ سے 20 لاکھ درہم تک جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

ایپل اسٹور اور گوگل پلے کے اعدادوشمار کے مطابق خلیجی ممالک میں بھی وی پی این کے استعمال کی شرح زیادہ ہے، جہاں قطر، عمان، سعودی عرب اور کویت نمایاں ہیں۔ ماہرین کے مطابق جی سی سی ممالک میں وی پی این کے بڑھتے استعمال کی بنیادی وجہ وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (VoIP) سروسز جیسے واٹس ایپ، اسکائپ اور فیس ٹائم پر پابندی ہے۔

عالمی سطح پر وی پی این کے استعمال میں اضافہ انٹرنیٹ سینسرشپ اور پرائیویسی کے تحفظ کی وجوہات سے منسلک ہے، جب کہ مشرق وسطیٰ میں ریاستی سطح کی انٹرنیٹ پابندیوں کے باعث وی پی این اپنانے کی شرح سب سے زیادہ دیکھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب افریقی ممالک میں وی پی این کا استعمال سب سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں 21 ممالک میں سے کوئی بھی ٹاپ 50 میں شامل نہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button