
خلیج اردو
ام القیوین: متحدہ عرب امارات میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں اور سیاحوں کی صحرا کی جانب واپسی شروع ہو گئی ہے۔ ٹھنڈی راتیں اور خوشگوار دن ایڈونچر کے شوقین افراد کو ایک بار پھر سنہری ریت کے ٹیلوں کی طرف کھینچ رہے ہیں، جہاں وہ قدرتی مناظر، آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور روایتی ورثے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
راس الخیمہ کے شہری محمد المزروعی نے 2022 کے اوائل میں ایگزٹ 116 کے قریب ایک ریتیلے علاقے کا دورہ کیا، جہاں خوبصورت قدرتی ماحول کے باوجود لوگوں کی آمد کم ہو گئی تھی۔ انہوں نے علاقے کو ایک متحرک اور منظم تفریحی مقام میں تبدیل کرنے کا بیڑا اٹھایا۔
محمد المزروعی، جو سوشل میڈیا پر خاصی مقبولیت رکھتے ہیں، نے اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے رضاکاروں، ریسکیو ٹیموں اور شہریوں کو اس مہم میں شامل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’یہ علاقہ پہلے غیر منظم تھا، یہاں نہ ریسکیو ٹیمیں تھیں، نہ ہی کوئی سہولیات۔ ہم نے صفائی، راستوں کی نشاندہی، اور سیکیورٹی انتظامات خود منظم کیے۔‘‘
ان کی قیادت میں ایک اجتماعی کوشش شروع ہوئی جس میں 30 سے 50 نوجوان رضاکار، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی گیراج مالکان شامل ہوئے۔ ’’ڈیزرٹ فالکنز ریسکیو‘‘، ’’آر اے کے والنٹیئر ٹیم‘‘ اور ’’المبدع 700 ٹیم‘‘ جیسے گروپس نے صفائی، ہنگامی امداد اور عوامی آگاہی میں اہم کردار ادا کیا۔
جلد ہی ان کی محنت رنگ لائی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہو گئیں، اور پورے متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک قطر، بحرین اور عمان سے بھی سیاح یہاں آنے لگے۔ المزروعی نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک انگلش پیج بھی بنایا تاکہ وہ تازہ سرگرمیوں اور حفاظتی ہدایات سے باخبر رہیں۔
2024 تک یہ مقام موٹر اسپورٹس اور صحرا کے شوقین نوجوانوں کے لیے ایک معروف مرکز بن چکا تھا۔ اب ہر جمعے کو یہاں باقاعدہ اجتماعات اور دوستانہ مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں جن میں صفائی، نظم و ضبط اور سیکیورٹی پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔
محمد المزروعی کا کہنا ہے کہ ’’یہ صرف میرا نہیں، بلکہ ان تمام نوجوانوں کا کارنامہ ہے جنہوں نے ایگزٹ 116 کو ایک محفوظ، منظم اور سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا۔ یہ ہماری اجتماعی کامیابی ہے جو نہ صرف مقامی کمیونٹی بلکہ ام القیوین کی سیاحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔‘‘
متحدہ عرب امارات کے دیگر مشہور صحرائی مقامات جیسے دبئی میں المرغم، الحبب اور الرویہ، شارجہ میں لاسٹ ولیج، اور ابوظہبی کے لیوا کے ٹیلے بھی جدید سہولیات اور حفاظتی انتظامات کے ساتھ سیاحوں میں مقبول ہیں۔
اسی تناظر میں ام القیوین کے ولی عہد شیخ راشد بن سعود بن راشد المعلا نے ہدایت دی ہے کہ امارت میں موٹر اسپورٹس اور ڈیزرٹ ایڈونچر کے لیے ایک مخصوص مرکز قائم کیا جائے تاکہ سیاحت کے تنوع، مقامی ثقافت اور کھیلوں کے فروغ کو نئی سمت دی جا سکے۔







