
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونی کیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (TDRA) نے مشرقِ وسطیٰ میں 6G ٹیرہ ہرٹز (THz) نیٹ ورک کی پہلی کامیاب آزمائش کے ایک ماہ بعد 6G انیشی ایٹو کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
اکتوبر میں e& UAE اور نیویارک یونیورسٹی ابوظبی کی جانب سے کی جانے والی آزمائش میں 145 گیگا بٹس فی سیکنڈ کی ریکارڈ رفتار حاصل کی گئی، جو 6G ٹیکنالوجی کی غیر معمولی صلاحیتوں کی مظہر ہے۔
یہ نیٹ ورک انتہائی تیز رفتار، کم تاخیر والے روابط فراہم کرے گا اور ہولوگرافک ٹیلی پریزنس، ایکسٹینڈڈ ریئلٹی (XR)، ڈیجیٹل ٹوئنز اور ٹیری بٹ کلاس بیک ہال جیسے جدید تقاضوں کو ممکن بنائے گا۔
اتھارٹی کے مطابق 6G منصوبے میں وفاقی و مقامی ادارے، ٹیلی کام کمپنیاں، تحقیقی مراکز اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی پارٹنرز شامل ہوں گے۔
ٹی ڈی آر اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے ٹیلی کمیونی کیشنز محمد الرامسی نے کہا کہ "ہم اختراع اور ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، جس کا مقصد ایک اسمارٹ، باہم منسلک اور خوشحال معاشرہ تشکیل دینا ہے۔”







