
خلیج اردو
دبئی ایئر شو 2025 کے دوران 37 ارب ڈالر مالیت کے 225 نئے طیاروں کا آرڈر دینے والی ایئرلائن Flydubai نے کہا ہے کہ اس کی بھرتیوں میں تقریباً 90 فیصد عملہ دبئی ہی سے لیا جاتا ہے۔ چیف ایگزیکٹو غیث الغیث کے مطابق دبئی اور متحدہ عرب امارات میں ٹیلنٹ کی دستیابی اب پہلے سے کہیں زیادہ ہے، اس لیے ایئرلائن کو بیرونِ ملک بھرتی کے لیے جانے کی ضرورت کم پڑتی ہے۔
میڈیا بریفنگ میں غیث الغیث نے بتایا کہ Flydubai نے اپنے پائلٹس اور انجینئرز کی تربیت کے لیے اپنا الگ پروگرام تیار کر لیا ہے، جس کے تحت پائلٹس کی تربیت آغاز سے ہی کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام مستقبل میں ایئرلائن کی بڑھتی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔
ایئرلائن کے مطابق رواں سال جاری بھرتی مہم کے نتیجے میں اس کا عملہ بڑھ کر 6,500 سے زائد ہو چکا ہے، جو 2024 کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ہے۔ دوسری جانب ایئربس کا کہنا ہے کہ آئندہ 20 برسوں میں یو اے ای اور مشرقِ وسطیٰ میں ہوابازی کے شعبے کو 2 لاکھ 65 ہزار سے زیادہ افراد درکار ہوں گے، جن میں 69 ہزار نئے پائلٹس, 64 ہزار ٹیکنیشنز اور 1 لاکھ 32 ہزار کیبن کریو شامل ہیں۔
دبئی اور یو اے ای میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار Flydubai کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے بعد آن لائن اسسمنٹ ٹیسٹ، ویڈیو انٹرویو اور اپلیکیشن ریویو کا مرحلہ ہوتا ہے۔ کیبن کریو کے لیے بنیادی تنخواہ کے ساتھ رہائش اور ٹرانسپورٹ الاونس ملا کر کل 8,275 درہم دیے جاتے ہیں۔ اوسطاً 90 گھنٹے کی ماہانہ پرواز کی بنیاد پر 4,500 درہم کی اضافی فلائنگ پے بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ طبی انشورنس، سروس کے اختتام پر مالی فوائد، 30 دن کی سالانہ تنخواہ دار چھٹی، سالانہ لیو ٹکٹ اور اہل خانہ و دوستوں کے لیے ڈسکاؤنٹ ٹکٹس بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ ایئرلائن نے سافٹ ویئر انجینئرز، ٹیکنیکل انجینئرز، کریو شیڈولنگ آفیسرز، ٹریننگ کمپلائنس و سیفٹی مینیجرز سمیت متعدد آسامیوں کے لیے درجنوں اشتہارات جاری کیے ہیں۔
UAE jobs: Flydubai hires nearly 90% staff from Dubai; how to apply







