
خلیج اردو
دبئی میں ٹریفک کے دباؤ کا سامنا کرنے والے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، ورلڈ ٹریڈ سینٹر راؤنڈ آباؤٹ منصوبے کا پہلا مرحلہ جنوری 2026 میں کھول دیا جائے گا، جبکہ دو نئے پل 2nd دسمبر اسٹریٹ سے المجلس اسٹریٹ اور شیخ راشد اسٹریٹ کی سمت ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنائیں گے۔ منصوبے کی تکمیل کا مجموعی کام 40 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔
یہ راؤنڈ آباؤٹ شیخ زاید روڈ کو پانچ اہم شاہراہوں سے جوڑتا ہے جن میں شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ، شیخ راشد اسٹریٹ، 2nd دسمبر اسٹریٹ، زعبیل پیلس اسٹریٹ اور المجلس اسٹریٹ شامل ہیں۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مختلف مراحل کی تفصیلات جاری کی گئیں۔
مارچ 2026 میں شیخ زاید روڈ سے شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ کو ملانے والا پل کھول دیا جائے گا جبکہ اکتوبر 2026 میں شیخ راشد اسٹریٹ اور المجلس اسٹریٹ سے 2nd دسمبر اسٹریٹ کی جانب دو مزید پل بھی کھولے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت ورلڈ ٹریڈ سینٹر راؤنڈ آباؤٹ کو سطحی جنکشن میں تبدیل کیا جائے گا اور 5 ہزار میٹر طویل پانچ پل تعمیر کیے جائیں گے، جس سے ٹریفک گنجائش دوگنی ہو جائے گی، اوسط تاخیر 12 منٹ سے کم ہو کر صرف 90 سیکنڈ رہ جائے گی جبکہ شیخ زاید روڈ سے شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ تک سفر کا وقت 6 منٹ سے کم ہو کر 1 منٹ رہ جائے گا۔
شیخ حمدان نے المستقبل اسٹریٹ کے بہتری منصوبے کا بھی جائزہ لیا، جو 2027 میں مکمل ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت شاہراہ کو تین سے چار لین تک وسیع کیا جائے گا، ٹریفک گنجائش 6,600 سے بڑھ کر 8,800 گاڑیاں فی گھنٹہ ہو جائے گی اور سفر کا وقت 13 منٹ سے کم ہو کر 6 منٹ رہ جائے گا۔ اس کے علاوہ المستقبل اسٹریٹ اور ٹریڈ سینٹر اسٹریٹ کے چوک پر تین سرنگیں اور ایک 400 میٹر طویل پل بھی تعمیر کیا جائے گا۔
مجموعی طور پر دونوں منصوبوں کے تحت سات پل اور تین سرنگیں شامل ہوں گی جو 6,500 میٹر پر محیط ہوں گی، جن پر 1.3 ارب درہم کی لاگت آئے گی۔ یہ منصوبے دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر، ڈی آئی ایف سی، ایمارات ٹاورز، میوزیم آف دی فیوچر اور ڈاؤن ٹاؤن سمیت سات بڑے رہائشی و تجارتی علاقوں کو سہولت فراہم کریں گے اور دس لاکھ سے زائد رہائشیوں اور زائرین کو فائدہ پہنچائیں گے۔ ان منصوبوں سے ٹریفک سفر کا وقت 75 فیصد تک کم ہو جائے گا۔
آر ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطائر کے مطابق دبئی کا روڈ نیٹ ورک 25 ہزار لین کلومیٹر پر محیط ہے اور روزانہ 35 لاکھ سے زائد گاڑیوں کو سہولت فراہم کرتا ہے۔ دبئی ہر سال اوسطاً 829 لین کلومیٹر سڑکیں تعمیر کرتا ہے جو عالمی اوسط 400 کلومیٹر سے دوگنا ہے، جبکہ ہائی ویز اور میٹرو لائنز تعمیر کرنے کی لاگت ماسکو، شینزن اور میلان جیسے شہروں کے مقابلے میں اڑھائی گنا کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ اور روڈ منصوبوں سے پراپرٹی کی قیمتوں میں بھی 6 سے 16 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ 2025 سے 2027 کے دوران آر ٹی اے 35 ارب درہم کی لاگت سے 72 نئے منصوبے مکمل کرے گا۔







