
خلیج اردو
دبئی میں مقیم 19 سالہ ویڈا فرنانڈس نے صرف 16 سال کی عمر میں ایسی انٹرن شپ کی جس نے ان کی زندگی کا راستہ بدل دیا۔ 2022 میں ایسٹر اسپتال میں انٹرن شپ کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ کئی والدین مصروفیات کے باعث بچوں کی ویکسینیشن کی تاریخیں بھول جاتے ہیں اور انہیں ڈاکٹرز یا نرسز کی یاد دہانی پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ ڈیجیٹل ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے کے بعد ان کے ذہن میں ایک انوکھا حل آیا: ایک ایسی ایپ جو والدین کو بروقت ویکسینیشن شیڈول یاد دلائے۔
انٹرن شپ کے اختتام کے بعد ویڈا نے اس خیال کو عملی شکل دینے کا فیصلہ کیا، ایک سال کی محنت کے بعد انہوں نے 2023 میں VAXTrack کے نام سے ایپ لانچ کی، جسے اب تک 4,500 سے زائد صارفین ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ یہ تجربہ ان کے لیے صحت اور ٹیکنالوجی کے ملاپ میں دلچسپی کا باعث بنا اور آج وہ امریکہ میں کمپیوٹر سائنس کی دوسری سال کی طالبہ ہیں۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرن شپ محض سی وی بھرنے کے لیے نہیں بلکہ طلبہ کو ان کی دلچسپیوں سے روشناس کراتی ہے۔ یونی ہاک کے بانی ورن جین کے مطابق انٹرن شپ طلبہ کو یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ وہ کیا پسند کرتے ہیں اور کس طرح کلاس روم کی تعلیم حقیقی دنیا میں استعمال ہوتی ہے۔ تھرائیو ٹرانزیشنز کی بانی کنگا میلیک نے بھی کہا کہ انٹرن شپ نوجوانوں کو پہلی بار کسی صنعت کی حقیقت سے آشنا کرتی ہیں اور ٹیم ورک، پیشہ ورانہ رویے اور فیڈبیک جیسے اہم پہلو سکھاتی ہیں۔
کروم ویل یو کے یونیورسٹی کالج کے ہیڈ آف کوالٹی اشورنس جنید این کے مطابق یونیورسٹیاں انٹرن شپ کو طلبہ کی سنجیدگی اور میدانِ عمل میں تجربہ حاصل کرنے کی علامت سمجھتی ہیں۔ ایسٹر ڈی ایم ہیلتھ کیئر کے گروپ چیف ایچ آر آفیسر جیکب جیکب کا کہنا ہے کہ انٹرن شپ نوجوانوں کیلئے مستقبل کی سمت کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ انہیں حقیقی ماحول میں کام کرنے اور انسانی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا موقع ملتا ہے۔
اگرچہ فائدے واضح ہیں، لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ یو اے ای میں انٹرن شپ حاصل کرنا اب بھی ایک چیلنج ہے۔ کئی طلبہ خاندان یا ذاتی روابط پر انحصار کرتے ہیں، جبکہ بہت سی انٹرن شپس بغیر معاوضے کے ہوتی ہیں جو بعض نوجوانوں کیلئے رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق انٹرن شپ کو مفید بنانے کیلئے اسکولوں، کمپنیوں اور حکومت کو مل کر ایک مربوط اور قابلِ رسائی نظام تشکیل دینا ہوگا۔







