
خلیج اردو:
پاکستان سپورٹس بورڈ کے ایڈجوڈیکیٹر سینیٹر پرویز رشید نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد تاحیات پابندی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ گذشتہ ماہ ایتھلیٹکس فیڈریشن پاکستان نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ سلمان بٹ کی سربراہی میں ہونے والے انتخابات میں قوانین کی خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں، جس کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی نے ان پر تاحیات پابندی عائد کی تھی۔
سینیٹر پرویز رشید نے فیصلے میں کہا کہ اے ایف پی کے آئین میں کسی بھی کوچ پر تاحیات پابندی لگانے کا اختیار درج نہیں ہے۔ فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ سلمان بٹ کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ یا انکوائری رپورٹ نہیں تھی اور انہیں اپنے دفاع کا حق نہیں دیا گیا۔ فیصلے کے مطابق پاکستانی آئین کے آرٹیکل 4، 10 اے اور 25 کی خلاف ورزی ہوئی۔
سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سلمان بٹ برسوں سے ارشد ندیم کے کوچ ہیں اور اسی دوران پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے بے مثال کامیابی حاصل کی۔ اس فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ اے ایف پی کے اس عمل نے ایک اولمپک ایتھلیٹ کو غیر یقینی صورتحال میں مبتلا کیا اور قومی میڈلز جیتنے کے امکانات کو نقصان پہنچایا۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن پاکستان کے صدر بریگیڈئر ریٹائرڈ وجاہت حسین نے پہلے بتایا تھا کہ سلمان بٹ پر پابندی فیڈریشن کے آئین کی خلاف ورزی کی وجہ سے لگائی گئی تھی۔ انتخابات کے حوالے سے قانون کے مطابق ہر چار سال بعد تنظیمی انتخابات ہوتے ہیں اور ان کے لیے 21 روز قبل نوٹیفیکیشن جاری کرنا ضروری ہوتا ہے۔ لیکن سلمان بٹ نے ایسوسی ایشن کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابات کروائے۔
بی بی سی کے مطابق ارشد ندیم نے سلمان بٹ کی کوچنگ میں ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا۔ فی الحال سلمان بٹ کی طرف سے اس تحریر پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔







