
خلیج اردو
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے بعد این اے 96 کے ضمنی انتخاب میں بدر بلال کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق طلال چودھری کے خلاف اس حلقے سے تین شکایات موصول ہوئی تھیں، جن پر لیگل ٹیم نے 20 نومبر کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔
نوٹس کے باوجود طلال چودھری الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے، تاہم ان کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ وزیر مملکت مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے کہ طلال چودھری نے ایک تو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اور دوسرا کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے اس معاملے میں واضح کیا کہ ابھی بدر بلال کو نااہل نہیں کیا جا رہا بلکہ صرف کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا ہے۔ طلال چودھری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی ہے اور کیس کی سماعت اب 2 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔







