
خلیج اردو
دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ مستحکم رہتے ہوئے قیمتوں اور لین دین کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ پراپرٹی مانیٹر کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دبئی میں فی اسکوائر فٹ اوسط قیمت گزشتہ پانچ برسوں میں دوگنا سے بھی زیادہ ہو کر اکتوبر 2025 میں 1,683 درہم فی اسکوائر فٹ تک پہنچ گئی۔
اکتوبر میں رہائشی مارکیٹ کی رفتار برقرار رہی، تاہم ماہانہ اضافہ نمایاں طور پر کم ہو کر صرف 0.13 فیصد رہا، جو ستمبر اور اگست کے مقابلے میں کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رفتار کم ہونے کے باوجود مارکیٹ بتدریج اوپر جا رہی ہے اور طویل مدتی رجحان مضبوط ہے، اگرچہ ماہانہ اتار چڑھاؤ میں نرمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
سال کے آخری حصے میں دبئی کی پراپرٹی مارکیٹ بتدریج معمول پر آنے کے اشارے دے رہی ہے۔ پراپرٹی مانیٹر کے مطابق اکتوبر 2025 وہ پہلا مہینہ تھا جس میں قیمتوں نے نیا آل ٹائم ہائی ریکارڈ قائم نہیں کیا، تاہم ٹرانزیکشنز بلند ترین سطح کے قریب برقرار ہیں۔ ماہانہ اضافے میں کمی اس جانب اشارہ ہے کہ مارکیٹ تیز رفتار وسعت سے زیادہ پائیدار سمت کی طرف بڑھ رہی ہے۔
532 نئے منصوبے
دبئی میں نئے منصوبوں کی لانچنگ مسلسل جاری ہے کیونکہ پرانے و نئے ڈویلپرز مارکیٹ میں نمو کو برقرار دیکھ رہے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں 65 نئے منصوبے لانچ کیے گئے جن میں 14 ہزار سے زائد رہائشی یونٹس شامل تھے، جن کی مجموعی مالیت 33.5 ارب درہم سے زائد رہی۔
سال کی ابتدا سے اب تک 532 منصوبے لانچ کیے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے 131,504 یونٹس مارکیٹ میں آئے ہیں—یہ سطح عام طور پر پورے سال کی سرگرمی سے کہیں زیادہ ہے۔ 2025 میں اب تک 228 ڈویلپرز منصوبے لانچ کر چکے ہیں، جو 2024 کے اسی عرصے میں 163 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
اکتوبر کے لانچز میں اپارٹمنٹس نمایاں رہے اور کل سپلائی کا 99 فیصد حصہ اپارٹمنٹس پر مشتمل تھا، جب کہ ولا اور ٹاؤن ہاؤس کی صرف 144 یونٹس لانچ کی گئیں۔ مستقبل میں سنگل فیملی ہاؤسنگ میں اضافے کی توقع ہے، جس میں ایمر کی گرینڈ پولو کلب اور دی ویلی میں نئے کلسٹرز، دی ہائٹس کا نیا ڈیزائن، ڈیمک آئی لینڈز 2 کا پہلا فیز اور جمیرہ گالف اسٹیٹس کی توسیع شامل ہیں۔
لین دین میں نیا ریکارڈ
رئیل اسٹیٹ ٹرانزیکشنز بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ سال کی ابتدا سے اب تک لین دین کی تعداد 178 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17.4 فیصد زیادہ ہے اور کل سالانہ ٹرانزیکشنز کے 98 فیصد کے برابر ہے۔ ماہانہ اوسط شرح تقریباً 17,300 ٹرانزیکشنز رہی ہے، اور صرف دو مہینوں میں یہ تعداد 15 ہزار سے کم رہی۔
اگر موجودہ رفتار دسمبر تک برقرار رہی تو سالانہ فروخت 212 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے، جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا اور دبئی کی ریکارڈ ساز مارکیٹ کی مسلسل تیسری کامیاب سالانہ کارکردگی ثابت ہوگی۔







