پاکستانی خبریں

ایک خاتون کے معاملے میں بیگم سے جھگڑا ہوا تھا، اینکر رابعہ احسن قتل کیس میں خاوند کا بیان

خلیج اردو
راولپنڈی میں اینکر ربیعہ قتل کیس کی تفتیش کے دوران میاں بیوی کے ازدواجی تعلقات اور سیلون کے معاملے پر سامنے آنے والے سوشل میڈیا دعوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ اور گرفتار شوہر احسن کے درمیان سیلون کے معاملے پر ایک مرتبہ جھگڑا ہوا تھا۔ ملزم احسن نے دوران تفتیش اپنی ازدواجی زندگی اور کاروباری تنازع سے متعلق تفصیلی بیان ریکارڈ کروا دیا ہے، جس میں اس نے میاں بیوی کے درمیان مسلسل خراب تعلقات کے دعوؤں کی تردید کی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم احسن نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس نے ربیعہ سے 2010 میں پسند کی شادی کی تھی۔ دونوں ایک نجی بینک میں ساتھ ملازمت کرتے تھے، جہاں سے بعد ازاں انہوں نے ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی۔ ملزم کے مطابق ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں بھی ملازمت ملی۔ دونوں نے عملی زندگی کا آغاز ساتھ کیا اور مختلف اداروں میں ملازمت کے دوران ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

ملزم احسن نے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران ربیعہ نے اسلام آباد میں اپنا سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا تو اس نے بھی کاروبار میں ان کا ساتھ دیا۔ تاہم سیلون کی دو ملازم خواتین کے درمیان تنازع کے باعث میاں بیوی کے تعلقات میں ایک مرتبہ ناراضگی پیدا ہوئی۔ ملزم کے بیان کے مطابق ایک ملازمہ نے دوسری کو نوکری سے نکلوانے کے لیے اس پر تعلقات کا الزام عائد کیا تھا۔ احسن نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے ربیعہ کو اپنے مؤقف پر یقین دلایا، جس کے بعد دونوں کے درمیان ناراضگی ختم ہوگئی تھی۔

ملزم نے دوران تفتیش دعویٰ کیا کہ اس واقعے کے علاوہ ان کی 16 سالہ ازدواجی زندگی میں کوئی بڑا تنازع نہیں ہوا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ شام کو ربیعہ کے ساتھ جم جاتا اور وہاں دونوں بیڈمنٹن بھی کھیلتے تھے۔ ملزم نے ربیعہ کو محنت کے ذریعے اپنا مقام بنانے والی ایک پیشہ ور خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی عملی زندگی میں محنت سے کامیابیاں حاصل کیں۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران میاں بیوی کے موبائل فونز کا بھی تجزیہ کیا گیا ہے، جس میں دونوں کے درمیان باہمی ناراضگی یا مسلسل خراب تعلقات کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ ملزم احسن نے بھی اپنے بیان میں ازدواجی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی تردید کی ہے۔ پولیس کی جانب سے قتل کیس کے مختلف پہلوؤں، میاں بیوی کے تعلقات اور سیلون سے متعلق تنازع کی مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button