
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں جبل جیس پر پہلا ماؤنٹین لاج 2026 کے اختتام تک کھولنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ سائج ماؤنٹین لاج بائی مانٹس (Saij Mountain Lodge by Mantis) کے نام سے قائم ہونے والا یہ منصوبہ سیاحوں کو پہاڑی قدرتی ماحول میں قیام اور تفریح کا نیا تجربہ فراہم کرے گا۔ یہ اقدام راس الخیمہ کی سیاحتی سرگرمیوں کو روایتی ہوٹلوں اور ریزورٹس سے آگے بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
راس الخیمہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر فلیپا ہیریسن نے راس الخیمہ انویسٹمنٹ اینڈ بزنس سمٹ کے دوران اس منصوبے اور امارت کی سیاحتی ترقی کی حکمت عملی سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں شہری آبادی بڑھنے کے ساتھ قدرتی مقامات کی اہمیت بھی بڑھ رہی ہے اور راس الخیمہ کے قدرتی مناظر بین الاقوامی سیاحوں کو متوجہ کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امارت 2030 تک اپنے ہوٹلوں کے کمروں کی گنجائش دوگنا کرنے کا ہدف رکھتی ہے، تاہم حکمت عملی صرف کمروں کی تعداد بڑھانے تک محدود نہیں بلکہ سیاحوں کو مختلف نوعیت کے قیام اور تفریح کے تجربات فراہم کرنا بھی اس کا حصہ ہے۔
دوسری جانب وِن ریزورٹ المارجان آئی لینڈ ستمبر میں کھولنے کا منصوبہ ہے، جہاں 1500 سے زائد کمرے اور سوئٹس دستیاب ہوں گے۔ فلیپا ہیریسن کے مطابق یہ منصوبہ ایسے بین الاقوامی سیاحوں کو بھی راس الخیمہ کی جانب متوجہ کرسکتا ہے جنہوں نے پہلے اسے تعطیلات کے لیے اپنی ترجیحات میں شامل نہیں کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے سیاحتی منصوبے نہ صرف اپنی کشش رکھتے ہیں بلکہ آس پاس کے دیگر ہوٹلوں کی طلب میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔
راس الخیمہ اپنی سیاحتی ترقی کے لیے پانچ بنیادی شعبوں پر کام کر رہا ہے، جن میں بین الاقوامی سطح پر تشہیر، سفری سہولیات، رہائش، سیاحتی مقامات اور دیگر تفریحی سہولیات شامل ہیں۔ اس سلسلے میں راس الخیمہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے رواں سال ایمریٹس ایئرلائن کے ساتھ عالمی شراکت داری بھی کی ہے تاکہ اہم بین الاقوامی منڈیوں سے سیاحوں کی آمد بڑھائی جاسکے۔ حکام کے مطابق دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے قربت بھی راس الخیمہ کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔
راس الخیمہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی سیاحتی ضروریات پوری کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دے رہا ہے، جس میں وی وی آئی پی مسافروں کے لیے نیا ٹرمینل بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ امارت میں خودکار گاڑیوں اور ایئر ٹیکسی سروسز متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔ راس الخیمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ان منصوبوں کے لیے اسکائی پورٹس کی تیاری سمیت مختلف اقدامات کررہی ہے اور آئندہ چند برسوں میں ان سروسز کے آغاز کا ہدف رکھا گیا ہے۔
فلیپا ہیریسن کے مطابق فضائی، زمینی اور سمندری راستوں سے رابطوں کو بہتر بنانا ضروری ہے تاکہ سیاح راس الخیمہ پہنچنے کے ساتھ امارت کے مختلف علاقوں میں بھی آسانی سے سفر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاح اب ہوٹلوں میں قیام کے علاوہ نئی سرگرمیوں اور مقامی مقامات کی سیر میں بھی زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں، اسی لیے راس الخیمہ میں قدرتی مناظر اور منفرد سیاحتی تجربات کو فروغ دیا جارہا ہے۔







