متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں 12 نومبر تک تیز بارش، گرج چمک، گرد آلود ہواؤں اور سمندر میں شدید طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں 12 نومبر تک تیز بارش، گرج چمک، گرد آلود ہواؤں اور سمندر میں شدید طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی نمی سے بھرپور ہوائیں اور کم دباؤ کا نظام ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔ دبئی، ابوظبی، شارجہ اور شمالی امارات کے علاقے بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق منگل سے بادلوں کی تشکیل میں اضافہ ہوگا، ابتدا میں ملک کے مغربی علاقوں، جزائر، ساحلی پٹی اور شمالی حصوں میں بارش متوقع ہے۔ بدھ کی سہ پہر کم دباؤ کے نظام میں شدت آنے سے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔ بارش کا سلسلہ مغربی علاقوں سے شروع ہوکر ابوظبی، دبئی اور دیگر ساحلی شہروں تک پھیلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ماہر احمد حبیب کے مطابق سب سے زیادہ بارش پہاڑی علاقوں اور ملک کے شمالی حصوں خصوصاً راس الخیمہ میں متوقع ہے۔ شمالی ساحلی علاقوں اور الظفرہ میں بھی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ دبئی اور العین کے درمیان علاقوں سے شمال مشرقی العین تک گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں۔

موسمی صورتحال کے باعث ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے گردوغبار اور ریت اڑنے کے باعث حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔ سمندر میں لہریں بلند ہونے اور حالات خراب سے انتہائی خراب ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

درجہ حرارت میں آئندہ تین روز کے دوران بتدریج 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق منگل سے موسم ٹھنڈا ہونا شروع ہوگا جبکہ جمعے کو درجہ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے۔ بارش اور غیر مستحکم موسمی صورتحال 12 نومبر کی سہ پہر تک برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم جمعے کو ملک کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button