
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مدافعتی نظام سے متعلق گردوں کی بیماری کے علاج کے لیے نئی دوا کے استعمال کی مشروط منظوری دے دی گئی۔
امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ (ای ڈی ای) نے ایسٹرا زینیکا کی دوا الٹومائرس (راویلیزوماب) کے نئے استعمال کی مشروط منظوری دی ہے۔ یہ دوا بنیادی امیونوگلوبیولن اے نیفروپیتھی (آئی جی اے این) میں مبتلا ایسے بالغ مریضوں کے پیشاب میں پروٹین کی مقدار کم کرنے کے لیے استعمال ہوگی جن میں بیماری بڑھنے کا خطرہ موجود ہے۔
بنیادی آئی جی اے نیفروپیتھی مدافعتی نظام سے متعلق گردوں کی بیماری ہے، جس میں مدافعتی پروٹین گردوں کے ٹشوز میں جمع ہو جاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں سوزش پیدا ہو سکتی ہے اور وقت کے ساتھ گردوں کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
پیشاب میں پروٹین کی زیادہ مقدار بیماری کے بڑھنے کی اہم علامت سمجھی جاتی ہے، اس لیے پروٹین کی مقدار کم کرنے والے علاج کو اہم قرار دیا گیا ہے۔
امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ نے بیماری کی بروقت تشخیص، گردوں کی کارکردگی اور پیشاب میں پروٹین کی باقاعدہ نگرانی اور ماہر ڈاکٹروں کی تجویز کردہ علاج کی پابندی پر زور دیا ہے تاکہ پیچیدگیوں کے خطرات کم کیے جا سکیں۔
الٹومائرس کو متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ 2022 میں متعدد نایاب بیماریوں کے علاج کے لیے رجسٹر کیا گیا تھا۔
نئی منظوری متحدہ عرب امارات کے وژن 2031 کے تحت صحت اور ادویہ سازی کے شعبوں میں مسابقت بڑھانے، جدت، تحقیق اور ترقی کو فروغ دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی معیار کے مطابق ادویات کی حفاظت، افادیت اور معیار کو یقینی بناتے ہوئے جدید علاج تک رسائی تیز کرنا بھی ہے۔







