
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی قیادت نے غیر معمولی علاقائی چیلنجز کے دوران ملک کے اداروں، عوام اور حکومتی نظام کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل حالات میں اپنی دفاعی، معاشی اور انتظامی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے امارات کی حکومتی سالانہ میٹنگز کے دوران ’’ایمرجنگ اسٹرونگر‘‘ کے عنوان سے ہونے والے اہم اجلاس میں ملک کی مزاحمت، تیاری اور حالیہ چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر گفتگو کی۔ اجلاس میں دفاع، سکیورٹی، معیشت، صحت، لاجسٹکس اور تعلیم سمیت اہم شعبوں میں تیاری مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔
اجلاس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں صدر شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی اصل طاقت عوام کے اتحاد، عزم اور مشترکہ اقدار میں ہے۔ ہر فرد ملک کی اجتماعی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ امارات مستقبل کی تبدیلیوں اور چیلنجز کے لیے تیاری جاری رکھتے ہوئے ترقی کا سفر عزم کے ساتھ آگے بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام ہمیشہ اولین ترجیح رہیں گے۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ رواں سال پیش آنے والے واقعات نے دنیا کو متحدہ عرب امارات کی فوجی اور معاشی صلاحیتوں، قومی استقامت اور حکومتی نظام کی مضبوطی اور دانشمندی کا واضح ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے ملک کے ردعمل میں کردار ادا کرنے والی ٹیموں، معاشرے، فوجی اہلکاروں اور صدر شیخ محمد بن زاید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں متحدہ عرب امارات پر فخر ہے۔
علاقائی چیلنجز کے دوران عوام کے تحفظ اور بنیادی خدمات کی مسلسل فراہمی میں کردار ادا کرنے والی پانچ ٹیموں کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ ان میں اماراتی مسلح افواج، نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل آپریشنز سینٹر، ابوظبی اور دبئی کی فضائی خدمات کی ٹیمیں، قومی سائبر سکیورٹی ٹیم اور قومی لاجسٹکس نیٹ ورک شامل ہیں۔







