
خلیج اردو
دبئی میں 50 سال گزارنے کے بعد بھارتی شہری عابد سی کے نے اسی تاریخ کو متحدہ عرب امارات چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جس دن وہ پہلی بار یہاں پہنچے تھے۔ عابد 10 نومبر 1976 کو 16 سال کی عمر میں محض 10 درہم جیب میں لے کر دبئی آئے تھے، جبکہ 10 نومبر 2026 کو وہ اپنی زندگی کے 50 سال امارات میں گزارنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں۔
عابد کے مطابق ان کے چچا نے انہیں ویزا بھیجا تھا، جس کے بعد وہ ممبئی سے پرواز کے ذریعے دبئی پہنچے۔ ابتدائی دنوں میں شارجہ کے علاقے رولہ میں ایک ٹیکسٹائل کی دکان پر سیلز مین کی ملازمت شروع کی، جہاں انہیں 700 درہم ماہانہ تنخواہ ملتی تھی۔ وہ اپنی آمدن کا ایک حصہ بھارت میں اپنے والد کو بھیجتے اور باقی رقم بچاتے تھے۔
عابد نے عربی، فارسی اور ہندی سمیت مختلف زبانیں سیکھیں۔ بعد ازاں دبئی کے مرشد بازار میں بھی کام کیا۔ 22 سال کی عمر میں شادی کی، ان کی دو بیٹیاں اور چھ نواسے نواسیاں ہیں۔ ان کی اہلیہ 1986 میں متحدہ عرب امارات منتقل ہوئیں۔
عابد نے انٹرنیٹ کے ابتدائی دور میں کیرالہ اور متحدہ عرب امارات سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی بنائی۔ ان کے مطابق پانچ دہائیوں میں کاروبار کا طریقہ مکمل تبدیل ہو چکا ہے اور اب واٹس ایپ، آن لائن نظام اور مصنوعی ذہانت نے لین دین کو آسان بنا دیا ہے۔
عابد کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے انہیں زندگی میں بہت کچھ دیا، وہ یہاں کے امن اور تحفظ کو سب سے زیادہ یاد کریں گے۔







