متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے جنسی زیادتی کے مقدمے میں مطلوب بھارتی مفرور ملزم ساجیر پلی موپم کو انٹرپول کا ریڈ نوٹس جاری ہونے کے بعد بھارت کے حوالے کردیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے جنسی زیادتی کے مقدمے میں مطلوب بھارتی مفرور ملزم ساجیر پلی موپم کو انٹرپول کا ریڈ نوٹس جاری ہونے کے بعد بھارت کے حوالے کردیا۔ بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے مطابق ملزم کو دہلی پولیس مطلوب تھی، جسے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد یو اے ای سے بھارت ڈی پورٹ کیا گیا۔ دہلی پولیس کی خصوصی ٹیم ملزم کو لینے متحدہ عرب امارات پہنچی اور 4 نومبر کو ملزم کو نئی دہلی منتقل کردیا گیا۔

بھارتی حکام کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم اور اس کے ایک ساتھی نے 20 سالہ خاتون کو زبردستی نشہ آور دوا دی، جس کے باعث وہ بے ہوش اور بے بس ہوگئی۔ اس کے بعد ملزم اسے ایک ہوٹل لے گیا جہاں جعلی شناختی دستاویزات استعمال کرکے کمرہ حاصل کیا اور خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ طبی معائنے اور فرانزک رپورٹس سے بھی زیادتی کی تصدیق ہوئی، جبکہ متعلقہ عدالت میں مقدمے کا چالان جمع کرایا جاچکا ہے۔

سی بی آئی نے دہلی پولیس کی درخواست پر انٹرپول سے ملزم کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرایا تھا، جس کے بعد اماراتی حکام نے اسے گرفتار کیا۔ انٹرپول کے مطابق ریڈ نوٹس دنیا بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کسی مطلوب شخص کی تلاش اور عارضی گرفتاری کی درخواست ہوتی ہے تاکہ حوالگی یا دیگر قانونی کارروائی ممکن بنائی جاسکے۔ یہ نوٹس متعلقہ ملک کے عدالتی وارنٹ یا حکم کی بنیاد پر جاری کیا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button