
خلیج اردو
عمان نے بھارت کو غیر قانونی آن لائن مہاديو بیٹنگ ایپ کے مبینہ سرغنہ سوربھ چندراکر کو گرفتار کرنے کے بعد حوالہ کردیا۔ بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے مطابق عمانی حکام نے یکم نومبر کو کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا، جس کے بعد بھارتی حکام کی خصوصی ٹیم اسے واپس بھارت لے آئی۔ ملزم کو طبی معائنے کے بعد رائے پور منتقل کیا جائے گا، جہاں اسے سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
بھارتی حکام کے مطابق سوربھ چندراکر کے خلاف سی بی آئی کے دو مقدمات درج ہیں، جن میں چالان جمع کرائے جاچکے ہیں، جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) بھی منی لانڈرنگ کے ایک مقدمے میں اس کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔
تحقیقات کے مطابق مہادیو آن لائن بک بھارت کے بڑے غیر قانونی آن لائن بیٹنگ نیٹ ورکس میں شامل تھی، جو بیرون ملک سے چلایا جارہا تھا۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے کرکٹ، فٹبال، تاش اور دیگر کھیلوں پر غیر قانونی جوئے کی سہولت فراہم کی جاتی تھی۔ ملک کے مختلف علاقوں میں فرنچائز پینلز اور شاخوں کے ذریعے صارفین سے رقوم وصول کی جاتی تھیں۔
بھارتی تحقیقاتی اداروں کے مطابق بیٹنگ سے حاصل ہونے والی رقم مختلف جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی جاتی اور متعدد لین دین کے بعد حوالہ نیٹ ورک کے ذریعے بیرون ملک بھیجی جاتی تھی۔ تحقیقات میں سرکاری اہلکاروں کو مبینہ طور پر رشوت دینے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ ملزم کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری ہونے کے بعد عمانی پولیس نے اسے گرفتار کیا، جبکہ بھارت نے حوالگی کی باضابطہ درخواست اور شواہد عمانی حکام کو فراہم کیے تھے۔







