متحدہ عرب امارات

لولو گروپ نے واضح کیا ہے کہ کمپنی اور اس کے چیئرمین ایم اے یوسف علی کے خلاف مبینہ جھوٹے الزامات اور گمراہ کن خبریں پھیلانے والے افراد کی جانب سے عوامی معافی مانگنے کے باوجود ہتکِ عزت کے مقدمات واپس نہیں لیے جائیں گے

خلیج اردو
لولو گروپ نے واضح کیا ہے کہ کمپنی اور اس کے چیئرمین ایم اے یوسف علی کے خلاف مبینہ جھوٹے الزامات اور گمراہ کن خبریں پھیلانے والے افراد کی جانب سے عوامی معافی مانگنے کے باوجود ہتکِ عزت کے مقدمات واپس نہیں لیے جائیں گے۔ گروپ کے ڈائریکٹر گلوبل مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشنز وی ننداکمار نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ کمپنی کو بھارتی عدالتی نظام پر مکمل اعتماد ہے اور وہ دستیاب تمام قانونی راستے اختیار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملہ تنقید کو دبانے کا نہیں بلکہ سچائی کے تحفظ کا ہے۔

لولو گروپ نے کیرالہ، لکھنؤ اور نئی دہلی کی عدالتوں میں ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر رکھی ہے جن پر کمپنی کے مطابق جھوٹی خبریں اور بدنیتی پر مبنی الزامات پھیلانے کا الزام ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورت اپنے مقدمات سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور نہ ہی انہیں واپس لے گا۔

یہ قانونی کارروائی لولو گروپ کے چیئرمین ایم اے یوسف علی کی جانب سے دائر کردہ ہتکِ عزت کے مقدمے کے بعد سامنے آئی، جس میں شہرت کو نقصان پہنچانے پر 10 کروڑ بھارتی روپے، تقریباً 40 لاکھ درہم ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ دہلی ہائی کورٹ نے اس سے قبل ایک آن لائن ملیالم نیوز پورٹل کے ایڈیٹر کو یوسف علی کے خلاف ہتک آمیز مواد ہٹانے اور مستقبل میں کسی بھی پلیٹ فارم پر ان کے بارے میں مزید تبصرے کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا۔ کیرالہ کی ایرناکولم سب کورٹ میں بھی الگ ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا گیا۔

متعلقہ فرد نے اکتوبر کے آخر میں عوامی طور پر معافی مانگتے ہوئے اپنے سابقہ بیانات کو غلط قرار دیا اور انہیں واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ الزامات نومبر 2020 میں سونے کی اسمگلنگ کے ایک مقدمے سے متعلق ویڈیو میں سامنے آئے تھے۔

وی ننداکمار کا کہنا تھا کہ معافی مانگنا متعلقہ فرد کا ذاتی معاملہ ہے اور گروپ اس پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمپنی عدالت سے باہر کسی سمجھوتے کو قبول نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق لائکس، کلکس اور شیئرز ایسی جھوٹی خبروں اور الزامات کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنتے ہیں۔

ننداکمار نے کہا کہ لولو صرف ایک کاروباری ادارہ نہیں بلکہ 75 ہزار سے زائد ملازمین کا گھر بھی ہے۔ یہ ادارہ کئی دہائیوں کی محنت، اعتماد اور دیانت داری سے تعمیر کیا گیا ہے۔ گروپ نے واضح کیا کہ وہ آزادی اظہار اور جائز تنقید کے حق کا احترام کرتا ہے، تاہم جان بوجھ کر جھوٹی خبریں، بے بنیاد الزامات اور گمراہ کن معلومات پھیلا کر ادارے یا اس کے چیئرمین کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button