متحدہ عرب امارات

دبئی کے طلبہ دسمبر 2026 سے اپنے نول کارڈز کے ذریعے آن لائن ادائیگیاں اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک میں مختلف دکانوں سے خریداری بھی کرسکیں گے۔

خلیج اردو
دبئی کے طلبہ دسمبر 2026 سے اپنے نول کارڈز کے ذریعے آن لائن ادائیگیاں اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک میں مختلف دکانوں سے خریداری بھی کرسکیں گے۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے طلبہ کے نول کارڈ کو نئے دبئی اسٹوڈنٹ کارڈ کے نام سے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ آر ٹی اے کے ترجمان کے مطابق نیا کارڈ عام نول کارڈ کی طرح تمام سہولیات فراہم کرے گا۔

نئے نظام کے تحت طلبہ آن لائن ذرائع سے فوری طور پر اپنے کارڈ میں رقم جمع کراسکیں گے، اپنا پروفائل منظم کرسکیں گے اور کارڈ کی تجدید بھی آن لائن کروا سکیں گے۔ والدین کو بھی اپنے بچوں کے اکاؤنٹس اور کارڈز کا انتظام کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

نول اسٹوڈنٹ کارڈ کے ذریعے طلبہ کو دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پہلے ہی 50 فیصد رعایت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ نول پلس لائلٹی پروگرام میں رجسٹریشن کے ذریعے مختلف ریٹیل اسٹورز پر بھی خصوصی رعایتیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

نیا دبئی اسٹوڈنٹ کارڈ آر ٹی اے نے نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ٹیکوم گروپ کے دبئی انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی، دبئی نالج پارک اور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ آئیڈینٹیٹی کارڈ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے متعارف کرایا ہے۔

آر ٹی اے کے کارپوریٹ ٹیکنالوجی سروسز سیکٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد بہروزیاں کے مطابق نئے کارڈ میں تین بنیادی سہولیات یکجا کی گئی ہیں، جن میں تعلیمی اداروں کے لیے طالب علم کی شناخت، دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کی سہولت اور انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ آئیڈینٹیٹی کارڈ کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم شدہ طالب علم کی شناخت شامل ہیں۔

کارڈ کے ذریعے طلبہ کو تعلیمی اداروں میں شناخت، دبئی کی پبلک ٹرانسپورٹ پر 50 فیصد تک رعایت، متحدہ عرب امارات میں مختلف کاروباری اور تفریحی سہولیات پر خصوصی آفرز جبکہ 130 سے زائد ممالک میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زیادہ عالمی رعایتوں تک رسائی حاصل ہوگی۔

یہ منصوبہ مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ دلچسپی رکھنے والے تعلیمی ادارے www.dubaistudentcard.ae کے ذریعے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

دبئی میں نول اسٹوڈنٹ کارڈ کا اجرا 2009 میں میٹرو سروس کے آغاز کے کچھ عرصے بعد کیا گیا تھا۔ آر ٹی اے کے مطابق 2024 سے اب تک 43 ہزار 800 کارڈز پرنٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ اس وقت 49 ہزار 500 کارڈ فعال ہیں۔ طلبہ میں کارڈ کے استعمال کے حوالے سے برجمان، اسٹیڈیم، عود میثا، دبئی انٹرنیٹ سٹی اور سٹی سینٹر دیرہ میٹرو اسٹیشن سرفہرست ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں 23 سال سے کم عمر اسکول اور یونیورسٹی کے طلبہ آر ٹی اے کی ویب سائٹ یا نول پے ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست کے لیے ایمریٹس آئی ڈی، تصویر اور متعلقہ تعلیمی ادارے کا مہر شدہ تصدیقی خط جمع کرانا ضروری ہے۔ کارڈ کی قیمت 70 درہم ہے اور اس کی مدت پانچ سال ہوگی۔

آئی ایس آئی سی کے ساتھ شراکت داری کے تحت طلبہ کو سفر، رہائش، کھانے پینے، تفریح، خریداری اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں بین الاقوامی رعایتیں بھی حاصل ہوں گی۔ اس کارڈ کے ذریعے طلبہ 130 سے زائد ممالک میں اپنی طالب علمی کی بین الاقوامی شناخت بھی استعمال کرسکیں گے۔

یہ پیش رفت آر ٹی اے کی جانب سے نول کارڈ کے پورے نظام کو جدید بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ادارہ اکاؤنٹ بیسڈ ٹکٹنگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر بھی کام کر رہا ہے، جس کے تحت نول کارڈز کو ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے منسلک کرنے، کیو آر کوڈ ٹکٹنگ اور بینک کارڈز و ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کرایوں کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button