
خلیج اردو
دبئی کے رہائشیوں کو اس موسم سرما میں کھلنے والے 35 نئے کمیونٹی پارکس کے نام تجویز کرکے 2 ہزار 500 درہم انعام جیتنے کا موقع مل گیا ہے۔ دبئی میونسپلٹی کے نئے اقدام کے تحت 11 علاقوں کے رہائشی اپنی تجاویز جمع کراسکتے ہیں، جن میں سے 35 بہترین ناموں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ہر منتخب تجویز پر 2 ہزار 500 درہم انعام دیا جائے گا، جبکہ مجموعی انعامی رقم 87 ہزار 500 درہم ہوگی۔
دبئی پبلک پارکس کی جانب سے شروع کیے گئے اس اقدام کا نام ’’نیم یور پارک‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس کے تحت ہر عمر کے شہریوں کو ایسے نام تجویز کرنے کی دعوت دی گئی ہے جو متحدہ عرب امارات کے ورثے، مقامی شناخت اور ان کے محلوں کی منفرد تاریخ و روایات کی عکاسی کرتے ہوں۔ تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 9 دسمبر ہے، جبکہ منتخب ناموں کا اعلان دسمبر میں ایک عوامی تقریب کے دوران کیا جائے گا۔
اس مقابلے میں الخوانیج، المزہر، محیصنہ، البرشا، الورقا، مردف، ند الشبا، المرغم، اللیسیلی، النہدہ اور غدیر الطیر کے رہائشی حصہ لے سکتے ہیں۔ اہل شہری دبئی میونسپلٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے تجویز کردہ نام آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔ بچوں، والدین اور ان افراد سمیت تمام رہائشیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو کئی برسوں سے ان علاقوں میں مقیم ہیں۔
دبئی میونسپلٹی کے محکمہ پبلک پارکس اینڈ ریکریشنل فیسیلٹیز کے ڈائریکٹر محمد اہلی نے کہا کہ دبئی کے ہر علاقے کی اپنی شناخت، تاریخ اور کہانیاں ہیں اور نئے پارکس کے ناموں میں ان کمیونٹیز کا منفرد تشخص نمایاں ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق اس اقدام کے ذریعے رہائشیوں کو ابتدا ہی سے اپنے علاقوں کے نئے پارکس کی شناخت تشکیل دینے میں شریک کیا جا رہا ہے۔ تجاویز میں بچپن کی یادوں، علاقے کی تاریخ یا کسی ایسی خصوصیت کو شامل کیا جاسکتا ہے جو محلے کو دوسروں سے منفرد بناتی ہو۔ اس سے شہریوں کا مشترکہ عوامی مقامات سے تعلق مضبوط ہوگا اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک دیرپا ورثہ تشکیل پائے گا۔
دبئی پبلک پارکس نے کامیاب ناموں کے انتخاب کے لیے چھ معیار مقرر کیے ہیں۔ تجویز کردہ نام علاقے کی مقامی اہمیت، تاریخ، شناخت یا مستقبل کی امنگوں کی عکاسی کرے، اس کا مفہوم مثبت اور خوش آئند ہو اور وہ دبئی کے دیگر عوامی پارکس کے ناموں سے منفرد ہو۔
نام ایسا ہونا چاہیے جس کا تلفظ، ہجے اور یاد رکھنا آسان ہو، عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں موزوں ہو اور آنے والی نسلوں کے لیے بھی اپنی اہمیت برقرار رکھ سکے۔ اس کے علاوہ نام پارک کے سائن بورڈز اور نقشوں پر استعمال کے لیے بھی مناسب ہونا چاہیے۔ دبئی پبلک پارکس موصول ہونے والی اہل تجاویز میں سے کامیاب نام منتخب کرے گا اور تمام شرکا کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
دبئی میں اس موسم سرما کے دوران 35 نئے کمیونٹی پارکس کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان پارکس میں رہائشیوں کو تفریح، آرام اور روزمرہ سرگرمیوں کے لیے نئی جگہیں میسر آئیں گی۔ محمد اہلی کے مطابق نئے پارکس کے قیام کے ساتھ اس نام رکھنے کی مہم کو مستقبل میں دیگر علاقوں تک بھی وسعت دی جاسکتی ہے تاکہ مزید رہائشیوں کو اپنے محلوں کی شناخت تشکیل دینے کا موقع ملے۔
دبئی میونسپلٹی کے زیر انتظام دبئی پبلک پارکس کے نیٹ ورک میں اس وقت شہر بھر میں 220 سے زائد پارکس شامل ہیں، جہاں سالانہ 3 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ افراد آتے ہیں۔







