پاکستانی خبریں

سنگاپور کے وزیر خارجہ کی جی ایچ کیو آمد، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال

خلیج اردو
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں ان کی آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مختلف مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل روابط برقرار رکھنے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ دونوں جانب سے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط اور تعمیری تعاون کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button