
خلیج اردو
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن جوئے اور سٹے کے خلاف کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا آپریشن کرتے ہوئے بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر کے مطابق اب تک آن لائن جوئے کے اکاؤنٹس میں 240 ارب روپے کریڈٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کی مجموعی رقم بھی 240 ارب روپے تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
شہزاد اکبر نے بتایا کہ آن لائن جوئے کے لیے 38 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جا رہے تھے۔ 23 اور 24 سال کے نوجوانوں کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئیں۔ ایگری کلچر اور ویب ڈیزائننگ کمپنیوں کے بینک اکاؤنٹس بھی ان کے کاروباری پروفائلز سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران پانچ نامزد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں تین کمپنیوں کے سی ای اوز اور دو ڈائریکٹرز شامل ہیں۔ آن لائن جوئے اور سٹے کے مرکزی کردار سیف سمیت پانچ ملزمان کو کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق اس کارروائی میں بے نامی اکاؤنٹ ہولڈرز کے بجائے اصل بینیفیشریز کو نشانہ بنایا گیا۔ گرفتار دو ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں موجود ایک ارب روپے سے زائد رقم منجمد کردی گئی، جبکہ صرف 24 گھنٹوں میں ایک ارب روپے کی رقم ڈیبٹ کلیمز کے ذریعے واپس کرائی گئی۔
شہزاد اکبر نے مزید بتایا کہ چھاپوں کے دوران ایک گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے پاکستانی نقد بھی برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ خودساختہ کمپنیوں کے سی ای اوز کی عمریں بھی صرف 26 سے 28 سال کے درمیان تھیں۔







