پاکستانی خبریں

پاکستانیوں کی بیرون ملک سرمایہ کاری میں 23 گنا اضافہ، دبئی میں بھی کاروبار پھیلانے لگے

خلیج اردو
پاکستانی شہریوں اور کاروباری اداروں کی جانب سے بیرون ملک براہ راست سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کاری کا حجم 34 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں پاکستانیوں کی بیرون ملک براہ راست سرمایہ کاری 34 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ صرف ڈیڑھ کروڑ ڈالر تھی۔

اس طرح بیرون ملک سرمایہ کاری میں تقریباً 23 گنا اضافہ ہوا۔ مالی سال 2024 میں یہی سرمایہ کاری 22 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کی سالانہ اقتصادی رپورٹ میں کاروباری اداروں کے بیرون ملک سرمایہ کاری کے فیصلوں کی وجوہات میں کارپوریٹ ٹیکس، توانائی کی بلند قیمتیں، بنیادی ڈھانچے کے مسائل اور پالیسی و ضابطہ جاتی غیر یقینی صورتحال کا ذکر کیا گیا ہے۔

کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر طلعت محمود کے مطابق مقامی سرمایہ کاروں کو ملک میں برقرار رکھنا بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض پاکستانی برآمد کنندگان نے دبئی میں تقسیم اور کاروباری مراکز قائم کیے ہیں، جہاں پاکستان سے پھل اور سبزیاں درآمد کرکے دیگر عالمی منڈیوں میں دوبارہ برآمد کی جاتی ہیں۔

دوسری جانب مالی سال 2027 کے ابتدائی چار ماہ میں پاکستان میں خالص براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 22.4 فیصد اضافے کے ساتھ 93 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button