
خلیج اردو
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا یافتہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ بشریٰ بی بی کے علاج کے لیے ماہر ڈاکٹر کی سہولت فراہم کی جائے اور ان کے جیل سیل میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔
سماعت کے دوران وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے، سرجری کے بعد انفیکشن کے خدشے اور جیل سیل میں صفائی کی خراب صورتحال سے متعلق تحفظات موجود ہیں۔ دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل قواعد کے مطابق انہیں طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس اور بیرسٹر سلمان صفدر کے درمیان بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ سلمان صفدر نے مرکزی اپیلوں سے متعلق دلائل دینے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اس سماعت میں اس معاملے پر بات نہیں ہوگی۔
بانی پی ٹی آئی کی اپیلوں پر دلائل کی تیاری کے لیے بیرسٹر سلمان صفدر نے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے انہیں سات روز کا وقت دے دیا۔







