
خلیج اردو
سعودی عرب کے شہر الخبر میں مقیم 52 سالہ بھارتی تارک وطن راجن پی وی نے بگ ٹکٹ کے نومبر ڈرا میں 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کا گرینڈ انعام جیت لیا۔ حیرت انگیز طور پر یہ وہ ٹکٹ تھا جس کے لیے انہوں نے ادائیگی بھی نہیں کی تھی بلکہ دو ٹکٹ خریدنے پر انہیں یہ پروموشنل ٹکٹ مفت ملا تھا۔
کیریلہ کے ضلع پتھنم تھٹہ سے تعلق رکھنے والے راجن گزشتہ تین دہائیوں سے سعودی عرب میں آئل رِگز پر کنٹرول سپروائزر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ 13 سال سے وہ اور ان کے 15 ساتھی مل کر ہر ماہ بگ ٹکٹ میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ ہر رکن 63 درہم دیتا ہے، اور پروموشنز کے باعث گروپ کو اکثر اضافی ٹکٹس بھی مل جاتے ہیں۔ راجن کے مطابق اب تک پورے گروپ نے تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار درہم اس ڈرا میں لگائے تھے۔
3 دسمبر کو جب وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ باہر تھے تو ساتھیوں نے انہیں لائیو ڈرا دیکھتے ہوئے فون کیا اور بتایا کہ وہ جیت گئے ہیں۔ ابتدا میں انہیں لگا شاید مذاق کیا جا رہا ہے، لیکن ایک منٹ بعد بگ ٹکٹ کے رچرڈ کا کال آتے ہی وہ حیرت میں ڈوب گئے۔ وہ بالکل گھر کے دروازے پر پہنچے ہی تھے کہ خوشخبری کا کال موصول ہوا۔
راکین کے مطابق جب انہوں نے خبر گروپ میں شیئر کی تو چند لمحوں تک خاموشی چھا گئی، سب حیران رہ گئے۔ راجن کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح ہے کہ انعامی رقم 16 ممبران میں برابر تقسیم کی جائے اور ہر رکن اپنی رقم میں سے کچھ حصہ خیرات بھی کرے۔
راجن دو بچوں کے والد ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی خواہش سادہ ہے—اپنے بچوں کی تعلیم اور مستقبل کو محفوظ بنانا۔ ان کے بیٹا اور بیٹی اس وقت کیریلہ میں زیر تعلیم ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ انعام ان کے مستقبل کے لیے مضبوط سہارا بنے۔
بگ ٹکٹ کے مستقل شرکا ہونے کی حیثیت سے راجن ہمیشہ جیتنے والوں کی کہانیاں سنتے رہے اور امید رکھتے تھے کہ ایک دن ان کا گروپ بھی جیتے گا۔ آخرکار 13 سال بعد ان کی خواہش پوری ہوگئی، وہ بھی نئے سال کے آغاز سے پہلے۔







