
خلیج اردو
صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری منظور کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ سمری کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، جو اس وقت چیف آف آرمی اسٹاف کے منصب پر فائز ہیں، کو چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کے عہدے پر 5 سال کی مدت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ملکی دفاعی ڈھانچے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے ساتھ ہی چیف آف ائیر اسٹاف کو دو سال کی توسیع دینے کی منظوری بھی دی ہے، جو ان کی موجودہ مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد 19 مارچ 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔ حکومت کے مطابق یہ فیصلے دفاعی امور کے تسلسل اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے بے حد اہم ہیں۔






